Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اُمید ہے ہر ٹیم آخری گیند تک لڑے گی‘، پی ایس ایل پر وزیراعظم کا پیغام

پی ایس ایل 7 کا پہلا مرحلہ 27 جنوری سے 7 فروری تک کرچی میں ہوگا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ 7 کا میلہ سجنے کو ہے اور ایسے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اُمید ظاہر کی ہے کہ تمام ٹیمیں اچھا کھیل پیش کریں گی۔
منگل کو ایک ویٖڈیو پیغام میں وزیراعظم ماضی میں ان کی ٹیم کا اہم حصہ رہنے والے کھلاڑی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ چیئرمین رمیز راجہ کے ساتھ نظر آئے۔
عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’ساتویں پی ایس ایل کو اوپن کر رہا ہوں اور مجھے امید ہے کہ ہر ٹیم آخری گیند تک لڑے گی اور لوگوں کو محظوظ کرے گی۔‘
 یاد رہے کہ پی ایس ایل 7 کا پہلا مرحلہ 27 جنوری سے 7 فروری تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جو27 فروری تک جاری رہے گا۔
گذشتہ ہفتے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے مرحلے میں 25 فیصد تماشائیوں کی شرکت کی منظوری دی تھی۔
این سی او سی کے فیصلے کے مطابق کراچی میں منعقد ہونے والے ہر میچ میں تقریباً آٹھ ہزار تماشائیوں کو نیشنل سٹیڈیم  میں داخلے کی اجازت ہوگی، تاہم تمام تماشائیوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر سٹیڈیم میں داخلے کے لیے سخت کورونا پروٹوکولز بنائے گئے ہیں۔
پیر کے روز پی ایس ایل 7 کا آفیشل گانا ریلیز کیا گیا تھا جسے پاکستان کے معروف گلوگاروں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے گایا ہے۔
ریلیز کیے جانے کے ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران 50 ہزار سے زائد لائکس اور کمنٹس کے ساتھ پی ایس ایل 2022 کے ترانے کو 10 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر عاطف اسلم، عبداللہ صدیقی اور آئمہ بیگ کی پرفارمنس کو منفرد قرار دیتے ہوئے اس پر تبصرہ کرنے والوں کا موقف تھا کہ ’عاطف کو ریپر کے طور پر اور آئمہ کو ڈانسر کی حیثیت میں کم کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔

شیئر: