Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب نیشنل سٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں پاکستان کرکٹ کی 70 سالہ تاریخ پر ایک ڈاکیومینٹری دکھائی گئی جس میں عمران خان، جاوید میانداد، انضمام الحق، بابر اعظم، شاہد آفریدی اور دیگر لیجنڈز کو ایکشن میں نظر آئے۔
پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے پی ایس ایل 7 کے ٹائٹل سانگ پر پرفارمنس پیش کی۔جبکہ ایونٹ کو اوپن کرنے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا پیغام بھی سکرین پر دکھایا گیا۔
اس موقع پر سٹیڈیم میں تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ پورا سٹیڈیم رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگاتا رہا۔
جمعرات کو افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
کراچی میں کھیلے جانے والے سپر لیگ کے میچز میں 25 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے جبکہ لاہور میں شیڈول میچز کے دوسرے مرحلے کے لیے تماشائیوں کی تعداد کا فیصلہ ابھی تک نہیں کیا گیا۔
گذشتہ برس کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ ٹی20 انٹرنیشنل فتوحات سمیٹنے والے بابر اعظم ایونٹ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کررہے ہیں۔

افتتاحی تقریب میں عبداللہ صدیقی اور آئمہ بیگ نے بھی پرفارم کیا

کون کس کے مقابل ہوگا؟
ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بابر اعظم کے مدمقابل قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر اور گذشتہ برس سب زیادہ ٹی20 رنز بنانے والے محمد رضوان ہوں گے، جو ملتان سلطانز کے کپتان ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کا دوسرا میچ جمعے کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ تیسرے روز ٹورنامنٹ کا پہلا ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا جس میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں دن جبکہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں رات کو مدمقابل ہوں گی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں پہلی مرتبہ اپنی ٹیم لاہور قلندرز کی قیادت کریں گے جبکہ سرفراز احمد مسلسل ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔
ایونٹ میں  اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان جبکہ پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کریں گے۔

شیئر: