Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سپر لیگ سیون ایڈیشن کے بارے میں کیا جاننا اہم ہے؟

کراچی میں کھیلے جانے والے سپر لیگ کے میچز میں 25 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے۔ (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز آج (جمعرات سے)  نیشنل سٹیڈیم کراچی سے ہو رہا ہے۔
سپر لیگ انتظامیہ کی پریس ریلیز کے مطابق افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
واضح رہے کہ کراچی میں کھیلے جانے والے سپر لیگ کے میچز میں 25 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے جبکہ لاہور میں شیڈول میچز کے دوسرے مرحلے کے لیے تماشائیوں کی تعداد کا فیصلہ ابھی تک نہیں کیا گیا۔
گذشتہ برس کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ ٹی20 انٹرنیشنل فتوحات سمیٹنے والے بابر اعظم ایونٹ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔
کون کس کے مقابل ہو گا؟
ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ان کے مدمقابل قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر اور گذشتہ برس میں سب زیادہ ٹی20 رنز بنانے والے محمد رضوان ہوں گے، جو ملتان سلطانز کے کپتان ہوں گے۔
 سپر لیگ کا دوسرا میچ جمعے کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلا جائے گاجبکہ تیسرے روز ٹورنامنٹ کا پہلا ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا جس میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں دن جبکہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں رات کو مدمقابل ہوں گی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ سرفراز احمد مسلسل ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے۔ایونٹ میں  اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان جبکہ پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کریں گے۔

ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگا، جہاں کُل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔دوسرے مرحلے میں شامل 19 میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
ماضی میں کون فاتح رہا؟
یاد رہے کہ  پی ایس ایل لیگ کا پہلا ایڈیشن 2016 میں کھیلا گیا تھا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیتا۔ دوسرے ایڈیشن کی فاتح پشاور زلمی تھی جبکہ تیسرے ایڈیشن میں ایک مرتبہ پھر اسلام آباد یونائیٹڈ نے فاتح ٹھہری۔ ایڈیشن 2019 کی فاتح کوئٹہ گلیڈی  ایٹرز اور  2020 کی کراچی کنگز  رہی جبکہ ملتان سلطانز پی ایس ایل 7 میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
آئی سی سی کی تازہ ترین پلیئنگ کنڈیشنز کا اطلاق
پی سی بی نے پی ایس ایل 7 میں آئی سی سی کی تازہ ترین پلیئنگ کنڈیشنز لاگو کی ہیں جن کے تحت فیلڈنگ سائیڈ پر لازم  ہے کہ وہ اننگز کے 19 اوورز مقررہ وقت میں مکمل کرے بصورت دیگر میچ کے آخری اوور کے لیے اس ٹیم پر 30-یارڈ کے سرکل کے باہر ایک کھلاڑی کم کھڑا کرنے کی شرط لاگو ہوگی۔
اس کے علاوہ کسی ٹیم کے 13 کھلاڑیوں سے زیادہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تو اس ٹیم کا میچ نہیں ہو گا۔
میچز کہاں نشر کیے جائیں گے؟
پاکستانی کرکٹ شائقین پی ٹی وی سپورٹس اور اے سپورٹس پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے میچز براہ راست دیکھ سکیں گے۔
مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں موجود شائقین اتصالات، کیریبین سرزمین میں  فلو سپورٹس، نیوزی لینڈ میں سکائی این زیڈ، برطانیہ میں سکائی سپورٹس، آسٹریلیا میں فوکس سپورٹس،  پاکستان کے علاوہ پورے جنوبی ایشیا میں سونی، سب صحاریٰ افریقہ میں سپر سپورٹس اور شمالی امریکہ میں ولو ٹی وی  پر پی ایس ایل 7 کی نشریات براہ راست دیکھ سکیں گے۔
لائیو سٹریم کہاں کہاں ہو گی؟
پاکستان میں لائیو سٹریم کے حقوق دراز ایپ نے خرید رکھے ہیں۔ دوسری جانب پی سی بی نے او ٹی ٹی صارفین کے لیے آئی سی سی ٹی وی اور ٹیمپاڈ ٹی وی سے بھی معاہدہ کرلیا ہے۔ ان دونوں پلیٹ فارمز کو دنیا کے کئی ممالک میں لائیو سٹریم کی اجازت ہوگی۔
پیٹر موریس ایک منجھے ہوئے کوچ ہیں: بابر اعظم

بابراعظم کو پہلی مرتبہ فرنچائز کرکٹ میں کپتانی کا موقع مل رہا ہے۔ (فائل فوٹو: پی سی پی)

۔کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ’انہیں پہلی مرتبہ فرنچائز کرکٹ میں کپتانی کا موقع مل رہا ہے، یہ ایک اہم ذمہ داری ہے اور وہ اسے بھرپور انداز میں ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ملتان سلطانز ایونٹ کی دفاعی چیمپئن اور  ایک سخت حریف ہے۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں فینز کی دلچسپی دیدنی ہوتی ہے، امید ہے دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سنسنی خیز ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پیٹر موریس ایک منجھے ہوئے کوچ ہیں، پلاننگ کے حوالے سے ان کے ساتھ اچھی بات چیت ہو ئی ہے، اس سیزن میں کراچی کنگز بہتر کھیل پیش کرے گی۔‘
نئی اور مختلف سوچ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا: محمد رضوان
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ’ان کی ٹیم ایچ بی ایل  پی ایس ایل میں اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور سلطانز کا سکواڈ اسی سوچ کے ساتھ لیگ کے افتتاحی میچ سے میدان میں اترے گا۔‘
محمد رضوان نے کہا کہ ’بلاشبہ ملتان سلطانز نے ایڈیشن 2021 میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا مگر وہ اب ماضی ہوچکا ہے اور یہ ایک نیا سال ہے، یہاں نیا میدان ہے اور نئے کھلاڑی، انہوں نے ایونٹ کے کامیاب دفاع کے لیے ایک نئی اور مختلف سوچ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔‘

محمد رضوان ملتان سلطانز کی قیادت کریں گے۔ (فائل فوٹو: کرک انفو)

’بابراعظم دنیا کے بہترین بیٹر اور کپتان ہیں۔ ان کی قیادت میں کراچی کنگزکی ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے۔ امیدہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین بہترین کرکٹ میچ سے لیگ کا آغاز ہوگا۔‘

شیئر: