انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں فوج نے 5 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا
اتوار 30 جنوری 2022 18:06
انڈین پولیس کے مطابق گزشتہ سال وادی کشمیر میں 189 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔ (فوٹو اے ایف پی)
انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں پولیس کا کہنا ہے کہ فوج نے کالعدم تنظیم جیش محمد کے اعلیٰ کمانڈر سمیت پانچ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وادی کشمیر میں پولیس کے سربراہ وجے کمار نے بتایا کہ ’رات گئے دو علیحدہ آپریشنز میں انڈین فوج نے سری نگر کے جنوب میں عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔‘
وجے کمار کا کہنا تھا کہ ’علاقے میں عسکریت پسندوں کے حوالے سے معلومات ملنے پر گزشتہ رات دو علیحدہ علیحدہ آپریشن کیے گئے جن میں جیش محمد کا کمانڈر زاہد وانی اور کفیل نامی پاکستانی شہری سمیت پانچ عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔‘
پولیس افسر نے مزید بتایا کہ سنیچر کی شام کو سری نگر کے جنوب میں واقع ان کے گھر کے باہر عسکریت پسندوں نے ایک پولیس افسر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
انڈین پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ وادی کشمیر میں جنوری کے مہینے میں 21 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا جن میں آٹھ پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔
انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ سال بڑی تعداد میں شہریوں کی اموات واقع ہوئی تھیں۔ عسکریت پسند غیر کشمیری افراد کو نشانہ بنا رہے تھے جن میں تارکین وطن مزدور، ہندو اور سکھ اقلیتی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔
عسکریت پسندوں کی جانب سے کارروائیوں کے جواب میں انڈین فوج نے وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ سال وادی کشمیر میں 189 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان نے ان ہلاکتوں کی شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’29 اور 30 جنوری کو پلوامہ اور بدگام میں پانچ کشمریوں کی ماورائے عدالت ہلاکتوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔‘