Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کرم میں افغانستان سے فائرنگ میں پانچ پاکستانی فوجی ہلاک‘، پاکستان کی مذمت

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ’ پاکستان دہشت گروں کی جانب سے پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین کے استعمال کی پرزور مذمت کرتا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں بین الاقوامی سرحد کے اس پار افغانستان سےشدت پسندوں نے پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں پانچ فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی اتوار کی پریس ریلیز کے مطابق ’پاکستانی فوجیوں نے دہشت گردوں کا مناسب انداز میں جواب دیا ہے اور ہماری انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔‘
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاک افغان سرحد پار سے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز کے جذبہ قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ طالبان حکومت اپنے وعدوں کے مطابق سرحد پار سے دہشت گرد کارروائیاں روکے۔‘
فوج کے بیان کے مطابق ’فائرنگ کے تبادلے میں  شہید ہونے والوں میں کراچی سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک عجب نور، سپاہی ضیا اللہ خان(لکی مروت)، سمیر اللہ خان(بنوں)، ناہید اقبال (کرک) اور ساجد علی (بھاولنگر) شامل ہیں۔‘
آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ’ پاکستان دہشت گروں کی جانب سے پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین کے استعمال کی پرزور مذمت کرتا ہے اور افغانستان کی عبوری حکومت سے توقع رکھتا ہے کہ وہ آئندہ پاکستان کے خلاف ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیں گے۔‘
مزید کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کی فوج ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔‘
 

شیئر: