Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہم بحیثیت معاشرہ اتنا گرچکے‘، ارمیلا کا شاہ رخ کے ناقدین کو جواب

انڈیا میں شاہ رخ خان کے مخالفین نے ان پر لتا منگیشکر کی میت پر تھوکنے کا الزام لگایا تھا۔ (تصویر: اے این آٗئی)
گذشتہ روز انڈیا کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات کے دوران بالی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان بھی گلوکارہ کو آخری الوداع کہنے پہنچے تھے۔
اس دوران انہوں نے شاید کوئی دعا پڑھ کر لتا منگیشکر کی میت پر پھونکی ہوگی لیکن انڈیا میں بائیں بازو کی سیاست کے حامیوں نے شاہ رخ کے اس عمل کو لتا منگیشکر کی میت پر تھوکنے سے تعبیر کیا۔
شاہ رخ خان پر یہ الزام لگانے والوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بے جے پی) کے رکن ارن یادیو سمیت سینکڑوں لوگ پیش پیش تھے۔
بالی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے اداکار پر تنقید کا ان کے پرستار گذشتہ رات سے جواب دے رہے ہیں۔ اب شاہ رخ خان کی ساتھی اداکارہ اور مہاراشٹرا کی جماعت شیو سینا کی رکن ارمیلا متوندکر بھی ان کے دفاع میں شاہ رخ خان کے خلاف نفرت پھیلانے والوں کو جواب دے رہی ہیں۔
شاہ رخ خان کے ساتھ 1992 میں ’چمتکار‘ فلم میں کام کرنے والی 48 سالہ اداکارہ نے ’انڈیا ٹوڈے‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بحیثیت معاشرہ ہم اتنے گرچکے ہیں کہ ہم دعا دینے کو بھی تھوکنا سمجھتے ہیں۔‘
شاہ رخ خان کے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ’آپ ایک ایسے اداکار کے بارے میں بات کررہے ہیں جس نے اپنے ملک کی کئی بین  الاقوامی پلیٹ فارمز پر نمائندگی کی ہے۔‘
ارمیلا کا کہنا تھا کہ ’سیاست ایسی گری ہوئی سطح پر پہنچ چکی ہے اور یہ ایک افسوسناک بات ہے۔‘
واضح رہے لتا منگیشکر طویل علالت کے بعد اتوار کی صبح ممبئی میں  92 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں تھیں۔ ان کی آخری رسومات میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر بڑی شخصیات نے شرکت کی تھی۔ 
لتا منگیشکر کے انتقال پر انڈین حکومت کی جانب سے دو روزہ قومی سوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔

شیئر: