Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کے جانے پر پارٹی میں مکمل اتفاق ہے: مریم نواز

پاکستان میں حکومت کی جانب سے رابطہ عوام مہم کے تحت بھرپور سیاسی جلسے کرنے کا اعلان ہوا تو اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھی حکومت مخالف مہم کے سلسلے میں سرگرمیاں تیز کی گئی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ بلوچستان سے ایک روز قبل ملک کا دوسرا بڑا شہر لاہور حکومت مخالف جماعتوں کی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔
اس کے بعد اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جہاں نائب صدر مریم نواز کے مطابق حکومت کے خلاف اتفاق رائے پایا گیا۔
پیر کو ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہر شعبے میں حکومت کی ناکامی اور عوام کی بدحالی کو مدنظر رکھ کر پارٹی میں اس بات پر اتفاق ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو جانا چاہیے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے مزید لکھا کہ ’ان کی موجودگی کا ہر دن لوگوں کی مشکلات برھائے گا۔‘
پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر کی گئی ٹویٹ میں مریم نواز نے ن لیگ میں موجود رائے کا  ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کسی ایک فرد نے بھی اس سے اختلاف نہیں کیا۔‘

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے ورچوئل اجلاس میں پارٹی قائد محمد نوازشریف لندن اور پارٹی صدر وقائد حزب اختلاف شہبازشریف نے لاہور سے اجلاس کی صدارت کی۔
ن لیگ کے اجلاس میں پارٹی کی سینئر قیادت، مرکزی عہدیدار، صوبائی پارٹی صدور، جنرل سیکریٹری اور سی ای سی کے اراکین شریک ہوئے۔
اجلاس سے قبل ن لیگ کی جانب سے جاری کردہ تفصیل میں بتایا گیا تھا کہ ’پارٹی قیادت سیاسی جماعتوں سے ہونے والے رابطوں اور مختلف تجاویز پر اہم مشاورت کرے گی۔ پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف اجلاس کو پی پی پی قیادت سے ہونے والی ملاقات پراعتماد میں لیں گے اور حکومت کے خلاف عدم اعتماد سمیت دیگر آئینی، قانونی اور سیاسی اقدامات پر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔‘
اپوزیشن جماعتوں کی سرگرمیوں کے جواب میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور ساتھ رہے گی۔‘

اپنی ٹویٹ میں انہوں نے اپوزیشن کا نام لیے بغیر لکھا ’آپ ایک تحریک چھوڑ دس لائیں۔‘

شیئر: