Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موڈیز نے سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کو اے ون ریٹنگ دے دی

فنڈ کے پاس تقریبا  45 ارب ڈالر کے نقد اثاثے موجود ہیں( فائل فوٹو عرب نیوز)
کریڈٹ درجہ بندی کرنے والی انٹرنیشنل ایجنسی موڈیز نے سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کو اے ون کی ریٹنگ دی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی قیادت ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کررہے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق موڈیز کا کہنا ہے کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ( پی آئی ایف) انتہائی مضبوط کریڈٹ بنیادوں پر کام کررہا ہے۔ مستحکم بنیادوں پر سرمایہ کاری کی استعداد رکھتا ہے اور سعودی معیشت میں تنوع پیدا کرنے والا اہم ستون بن گیا ہے۔ 
سعودی اکنامک سوسائٹی کے رکن محمد العمران نے کہا کہ پی آئی ایف 400 ارب ڈالر سے زیادہ سرمائے کا مالک ہے۔ اس کے پاس نقدی 60 ارب ڈالر کی حد کو چھو رہی ہے اور مستحکم بنیادوں پر معیاری سرمایہ کاری کررہا ہے۔ 
موڈیز کا کہنا ہے کہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے پاس تقریبا  45 ارب ڈالر کے نقد اثاثے موجود ہیں۔ 
کریڈٹ درجہ بندی کرنے والی ایجنسی ’موڈیز‘ کا کہنا ہے کہ پبلک انویسٹمنٹ کے اثاثے 2015 میں  152 ارب ڈالر کے تھے۔ 2020 میں بڑھ کر  412 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔ 
موڈیز کا کہنا ہے کہ پی آئی ایف سعودی عرب کو 2060 تک کاربن فری کی منزل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ 
یاد رہے کہ اس سے قبل ’فیچ‘ ایجنسی بھی سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کو (اے) کی ریٹنگ دے چکی ہے۔ 
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر یاسر الرمیان نے  ٹویٹ کی کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں کریڈٹ ریٹنگ اے ون حاصل کی ہے۔ یہ اہم پیشرفت ہے۔  
یاسر الرمیان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی آئی ایف کی حکمت عملی کے ذریعے اپنی سرمایہ کاری کے اثاثے بڑھانے اور مطلوبہ اہداف حاصل کرنے کا مشن جاری رکھیں گے۔ 

شیئر: