Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کا آئندہ ہفتے سے کورونا ایس او پیز میں نرمی کا اعلان

محکمہ صحت کے ماہرین صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات نے مختلف سرگرمیوں اور پروگراموں کے شرکا کی انتہائی حد کی پابندی ختم کرنے اور مساجد میں نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلہ کم کر کے ایک میٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق امارات میں ادارہ صحت کی ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحوسنی نے بتایا کہ ’ملک میں وبا کے گراف میں کمی آئی ہے۔ صورتحال معمول کی جانب آرہی ہے۔ اقتصادی و سیاحتی و تفریحاتی اداروں، شاپنگ سینٹرز میں سرگرمیوں و پروگراموں اور ٹرانسپورٹ کے وسائل سے فائدہ اٹھانے والوں کی انتہائی تعداد 15 فروری تک ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شادی بیاہ اور تعزیتی اجتماعات میں بھی شرکا کی انتہائی حد کی پابندی اٹھانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔‘
ادارہ صحت کی ترجمان نے بتایا کہ ’مساجد میں نمازیوں اور عبادت گھروں میں آنے والوں کے درمیان محفوظ فاصلہ کم کرکے ایک میٹر کر دیا گیا ہے۔‘
ڈاکٹر فریدہ الحوسنی نے کہا کہ ’امارات نے سائنٹفیک بنیادوں پر پروگرام اور سکیمیں تیار کی ہیں۔ محکمہ صحت کے ماہرین وبا کی صورتحال پر 24 گھنٹے نظر رکھے ہوئے ہیں۔ وبا کو پھیلنے سے روکنے کے  لیے ضروری اقدامات کے سلسلے میں سنجیدہ ہیں۔‘
’امارات کے  تمام باشندے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لے چکے ہیں جبکہ دو خوراک لینے والوں کی تعداد 94.75 فیصد ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وبائی مسائل سے نمٹنے کے سلسلے میں سب سے اہم سماجی آگہی ہے۔‘

 

امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: