Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرمی چیف کا دورہ پنجگور: دہشت گرد حملے پر جوابی کارروائی کو سراہا

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے ضلع پنجگور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فرنٹیئر کور کیمپ پر ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کا مقابلہ کرنے والے فوجی جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے سنیچر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجگور پہنچنے پر آرمی چیف کو مقامی کمانڈر نے علاقے میں سکیورٹی کی حالیہ صورت حال اور جوابی کارروائی سے متعلق طریقہ کار سے آگاہ کیا تاکہ ابھرتے ہوئے خطرات پر مؤثر انداز میں نظر رکھی جاسکے۔
فوجی جوانوں سے خطاب میں آرمی چیف نے 2 فروری کو ہونے والے دہشت گرد حملے کے ردعمل میں مؤثر جوابی کارروائی اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔
آرمی چیف نے بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کو ناکام کرنے اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانے کی غرض سے اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری پر زور دیا۔
بیان کے مطابق آرمی چیف نے وطن کے دفاع کے لیے جان کی قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران آرمی چیف نے ضلع پنجگور کے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقاتیں کی اور قانون نافذ کرنے والوں کی حمایت پر انہیں سراہا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے عمائدین کو فوج کی جانب سے علاقے کی ترقی اور خوش حالی کے لیے سازگار ماحول قائم کرنے کی مکمل یقین دہانی کروائی۔

شیئر: