Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گزشتہ ہفتے دنیا بھر میں کورونا کیسز میں 19 فیصد کمی: ڈبلیو ایچ او

جنوب مشرقی ایشیا میں سب سے زیادہ 37 فیصد کمی ہوئی (فوٹو اے پی)
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے دنیا بھر میں کورونا کیسز میں 19 فیصد کمی ہوئی اور اموات کی تعداد بھی مستحکم رہی۔
امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے منگل کو اپنی ہفتہ وار رپورٹ میں کہا کہ گذشتہ ہفتے کورونا کے ایک کروڑ 60 لاکھ کیسز سامنے آئے اور 75 ہزار اموات ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق مغربی پیسفک میں ہفتہ وار کیسز میں 19 فیصد اضافہ ہوا۔ جنوب مشرقی ایشیا میں سب سے زیادہ 37 فیصد کمی ہوئی۔
مشرق وسطیٰ میں اموات کی تعداد میں 38 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مغربی پیسفک میں ایک تہائی اموات سامنے آئیں۔
سب سے زیادہ کورونا کیسز روس میں رپورٹ ہوئے۔ روس اور مشرقی یورپ میں حالیہ ہفتوں میں اومی کرون کیسز میں دوگنا اضافہ ہوا۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس کی دیگر اقسام الفا، بیٹا اور ڈیلٹا میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ گذشتہ ہفتے ریکارڈ ہونے والے چار لاکھ کیسز میں سے 98 فیصد اومی کرون کے تھے۔
 ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ اومی کرون کی بی اے 2 قسم میں بتددیج اضافہ ہو رہا ہے اور اس کے زیادہ کیسز جنوبی افریقہ، برطانیہ، ڈنمارک اور دیگر ممالک میں سامنے آئے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی دیگر اقسام کے مقابلے میں اومی کرون کی وجہ سے لوگ زیادہ بیمار نہیں ہوتے۔
ڈبلیو ایچ او کے افریقہ ریجن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر میتشیدوسو مویتی نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ ’سرنگ کے آخر میں روشنی نظر آ رہی ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ کم ویکسینیشن کے باوجود افریقہ کورونا وائرس کی لہر سے نکل رہا ہے۔
تاہم عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کئی مرتبہ یہ بات دہرائی ہے کہ وبا ختم نہیں ہوئی اور یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس کا خاتمہ قریب ہے۔

شیئر: