Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فخر زمان نے لگاتار تین چھکے لگا کر بابراعظم کا ریکارڈ توڑ دیا‘

لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ کم و بیش ویسا ہی تھا جیسا ریسلنگ کا مقابلہ ہوتا ہے، مار کھا کھا کر ادھ موا ہونے والا پہلوان اچانک اٹھ کر حریف کو ایسا گھونسا یا لات رسید کرتا ہے کہ پانسہ پلٹ جاتا ہے۔
پھر وہ حریف کی مرمت شروع کردیتا ہے جس کے بعد مار کھانے والا چکمہ دے کر یکدم صورت حال کو پلٹا دیتا ہے۔ کچھ ایسا ہی لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے میچ میں بھی دیکھنے کو ملا۔
یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے بعد یہ محسوس ہونا شروع ہوگیا تھا کہ میچ ملتان سلطانز کے ہاتھ سے نکل گیا ہے، اور اب مزید وکٹیں گریں گی، تاہم ایسا نہیں ہوا، لیکن یہ ضرور ہوا کہ اس کے بلے باز سست روی کا شکار ہوئے، جس کا نتیجہ کم ہدف کی شکل میں نکلا، جس پر کہا گیا کہ یہ ہدف تو لاہور قلندرز جلد ہی پورا کرلیں گے۔
بہرحال لاہور قلندرز نے بیٹنگ شروع کی تو ایک بار پھر ریسلنگ کا منظر ذہن میں آیا۔

ویسے تو میچ کے دوران ہی سوشل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر پر خیالات کا اظہار شروع ہوچکا تھا تاہم میچ کے بعد اس کا سلسلہ مزید تیز ہوگیا۔
ٹوئٹر صارف ماریہ نے فخر زمان کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’بات یہ نہیں کہ میچ کس نے جیتا، مگر دل فخر زمان نے جیتے۔‘

اسی طرح طہٰ بنگش نے ٹویٹ میں کہا کہ فخر زمان نے پی ایس ایل کے سنگل ایڈیشن میں لگاتار تین چھکے لگا کر سب سے زیادہ سکور بنانے کا بابر اعظم کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

شاہین فین 10 نے لکھا کہ ’فخر زمان پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ میں عظیم ترین کھلاڑی کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔ آگے آئی سی سی کے بہت سے ٹورنامنٹس آرہے ہیں، وہ اکیلے ہی جیت کر دکھائیں گے۔‘
اسامہ نے بھی فخر زمان کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’چیمپیئنز ٹرافی کا سیمی فائنل، فائنل، آسٹریلیا کے خلاف سہ ملکی ٹورنامنٹ، قومی ٹی20 سیمی فائنل اور فائنل، ورلڈ ٹی 20 سیمی فائنل اور اب یہ، فخر زمان ایک عظیم کھلاڑی ہیں۔‘

 

شیئر: