Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہنواز دھانی کی والدہ اُنہیں کیا دعا دیتی ہیں؟

دھانی کے بھائی کے مطابق ان کی والدہ شاہد آفریدی کے علاوہ کسی کو نہیں جانتیں (فائل فوٹو: ملتان سلطانز)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کے بھائی کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ کو کرکٹ کی سمجھ نہیں لیکن انہیں یہ پتا ہے کہ ان کا بیٹا شاہد آفریدی کی طرح کرکٹ کھیلتا ہے۔
جمعے کے روز اپنی ایک ٹویٹ میں مخمور علی دھانی جو خود بھی کرکٹ کھیلتے ہیں، کا کہنا تھا کہ ’ہماری والدہ کو کرکٹ کی اے بی سی بھی نہیں معلوم، لیکن اگر ان سے پوچھو کہ شاہنواز دھانی کیا کرتا ہے تو ان کا جواب ہوتا ہے میرا بیٹا آفریدی کی طرح کرکٹ کھیلتا ہے۔‘
واضح رہے کہ شاہنواز دھانی کی ٹیم ملتان سلطانز پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے فائنل میں پہنچ چکی ہے اور سیمی فائنل میں شاہنواز دھانی نے اپنی ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
23 فروری کو لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں انہوں نے چار اوورز میں 19 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
مخمور علی دھانی کا کہنا ہے کہ ’ہماری والدہ ہمیشہ دعا دیتی ہیں کہ اللہ تمہیں آفریدی کی طرح کامیاب کرے کیونکہ وہ کرکٹ میں صرف شاہد آفریدی کو جانتی ہیں۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی رواں برس پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کررہے تھے لیکن ٹورنامنٹ کے دوران انہیں انجری کی سبب میگا ایونٹ کو خیرباد کہنا پڑا۔
اس سے قبل پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں شاہد آفریدی نے ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی اور شاہنواز دھانی ان کے ساتھ ہی کرکٹ کھیلتے تھے۔

شیئر: