Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل سیون: قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز نے میدان مار لیا

پی ایس ایل سیون: قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز نے میدان مار لیا (فوٹو: پی ایس ایل)
لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیابی حاصل کری لی۔
اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے  پی ایس ایل 7 کے فائنل میں لاہور قلندرز نے دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل پہلی مرتبہ اپنے نام کیا۔
محمد حفیظ کی نصف سنچری کی بدولت لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ جواب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم  138 رنزپر ڈھیر ہوگئی ۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کا کوئی بھی بیٹر لاہور قلندرز کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے مزاحمت کرنے میں ناکام رہا۔
کپتان محمد رضوان اور شان مسعود کی ان فارم اوپننگ جوڑی بھی 41 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئی۔ رائیلی روسو اور آصف آفریدی بالترتیب 15 اور ایک اسکور بنا کر زمان خان کا شکار بنے۔ عامر عظمت نے چھ رنز بنائے۔
اس موقع پر ملتان سلطانز کی آدھی ٹیم محض 63 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ ایسے میں ٹم ڈیوڈ نے خوشدل شاہ کے ہمراہ 50 رنز کی شراکت قائم کرکے مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی 27 کے انفرادی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔شاہین شاہ آفریدی نے اسی اوور میں ڈیوڈ ویلے کو آؤٹ کرکے میچ میں لاہور قلندرز کی گرفت مزید مضبوط کردی۔ حارث روف نے بھی اگلے ہی اوور میں خوشدل شاہ کو بولڈ کردیا۔ خوشدل شاہ 32 اور ڈیوڈ ویلے صفر پر آؤٹ ہوئے۔
شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ محمد حفیظ اور زمان خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو لاہور قلندرز کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوگیااور محض 25 رنز پر ابتدائی تینوں بیٹرز آؤٹ ہوکر پویلین واپس چلے گئے۔ عبداللہ شفیق 14، فخر زمان 3 اور ذیشان اشرف نے 7 رنز بنائے۔

 


ملتان سلطانز کے آصف آفریدی نے تین جبکہ شاہنواز دھانی اور ڈیوڈ ویلے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی (فوٹو: پی ایس ایل)

ایسے میں تجربہ کار بیٹر محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئےشاندار نصف سنچری اسکور کرکے لاہور قلندرز کی لڑکھڑاتی  بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دیا۔  انہوں نے کامران غلام اور ہیری بروک کے ہمراہ بالترتیب 54 اور 58رنز کی شراکت قائم کی۔ کامران غلام 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 
ہیری بروک اور ڈیوڈ ویزے پر مشتمل جوڑی نے اننگز کے آخری دو اوورز میں 40 رنز اسکور کرکے ٹیم کا مجموعہ 180 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہیری بروک نے 22 گیندوں پرناقابل شکست 41 رنز اسکور کیے۔ ڈیوڈ ویزے 8 گیندوں پر 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے 3،3 چھکے لگائے۔
ملتان سلطانز کے آصف آفریدی نے تین جبکہ شاہنواز دھانی اور ڈیوڈ ویلے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
 

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان پلیئر آف دی ٹورنمنٹ 

پی ایس ایل سیون کے بہترین بیٹس مین لاہور قلندرز کے فخر زمان اور زمان خان کو ایمرجنگ کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ٹورنمنٹ کے بہترین وکٹ کیپر محمد رضوان اور بہتریں فیلڈر اور آلراؤنڈر خوشدل شاہ قرار پائے۔ 
پی ایس ایل سیون کے بہترین بولر شاداب شاداب رہے جبکہ ملتان سلطانز کو ’سپرٹ آف کرکٹ‘ کے اعزاز سےنوازا گیا۔ 
اس سے قبل پاکستان سُپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کی اختتامی تقریب کے آغاز میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  کے چیئر مین رمیز راجہ نے پی ایس ایل سے جُڑے تمام اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ 
جس کے بعد پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں ریسنگ کار کے زریعے لاہور کے مشہور مقامات سے ہوتے ہوئے ٹرافی کو قذافی سٹیڈیم لایا گیا۔  پی سی بی کے چیئر مین رمیز راجہ نے شائقین کو بہتر انتظامات کا یقین بھی دلایا۔
 

پی ایس ایل سیون میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی
پی ایس ایل سیون میں لاہور قلندرز کے فخر زمان 13 میچوں میں سب سے زیادہ 588 رنز بنا کر پہلے نمبر پر ہیں۔
جبکہ ملتان سلطانز کے محمد رضوان 12 میچوں میں مجموعی طور پر546  رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
ملتان سلطانز کے شان مسعود نے 12 میچ کھیل کر 478 رنز بنائے ہیں اور پشاور زلمی کے شعیب ملک 401 رنز بنا کر چوتھے نمبر پر ہیں۔
پی ایس ایل 7 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی  
پی ایس ایل سیون میں سب سے زیادہ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے بولر لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی رہے جنہوں نے پی ایس ایل کے 13 میچز میں 20 وکٹیں حاصل کیں۔
 جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں شاداب خان نے نو میچوں میں 19 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔
لاہور قلندرز کے زمان خان 13 میچز میں 18 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کے بعد تیسرے نمبر پر رہے۔

شیئر: