Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انڈیا سے فنڈ مانگیں؟‘ پاکستانی سفارتخانے کا اکاؤنٹ ہیک

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس سے پوسٹ کیے جانے والے پیغامات کا سفارتخانے سے کوئی تعلق نہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
الجزائر میں پاکستانی سفارتخانے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک کرلیا گیا ہے۔
بدھ کو پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ ’الجزائر میں پاکستانی سفارتخانے کے ٹوئٹر، انسٹاگرام اور فیس بک اکاؤنٹس کو ہیک کرلیا گیا ہے۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’تمام پیغامات جو ان اکاؤنٹس کی جانب سے پوسٹ کیے جارہے ہیں وہ الجزائر میں پاکستانی سفارتخانے سے نہیں دیے جارہے۔‘
الجزائر میں پاکستانی سفارتخانے کے تمام اکاؤنٹس سے جو ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے وہ دراصل ایک پاکستانی چینل کے خبرنامے کی ہے جس میں یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبہ و طالبات کو شکوہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
تمام اکاؤنٹس پر اس ویڈیو کے ساتھ ایک پیغام بھی شیئر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’سفارتخانوں کو پاکستانی شہریوں کے انخلاء کے لیے اپنے فنڈز یوکرین کی طرف موڑ دینے کا حکم ملا ہے۔‘

سکرین شاٹ: انسٹاگرام

ہیک کیے گئے اکاؤنٹس سے مزید لکھا گیا کہ ’اب تک کسی پاکستانی کا انخلاء نہیں کیا گیا اور نہ ہی ہمارے پاس اب اپنے ملازمین کو تنخواہیں دینے کے لیے فنڈز موجود ہیں۔‘

سکرین گریب: ٹوئٹر

’کیا ہمیں بھی انڈیا سے فنڈز مانگنے چاہییں جیسے پاکستانی شہری انڈین جھنڈے کا استعمال کررہے ہیں یوکرین سے بھاگنے کے لیے۔‘
واضح رہے گزشتہ سال ارجنٹائن اور سربیا میں بھی پاکستانی سفارتخانوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک کیا گیا تھا اور ان اکاؤنٹس سے بھی پاکستان اور وزیراعظم عمران خان سے متعلق غلط معلومات شیئر کی گئیں تھیں۔

شیئر: