Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین آبدوز کو پاکستانی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا: آئی ایس پی آر

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی بحریہ نے اپنی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والی انڈین آبدوز کا سراغ لگاتے ہوئے روک دیا۔
جمعرات کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’پاکستان نیوی کے اینٹی سب میرین وارفیئر یونٹ نے یکم مارچ کو انڈین کلواڑی کلاس آبدوز کا سراغ لگایا۔‘
’انڈیا نے بُری نیت سے اپنی آبدوز پاکستان بھیجی، لیکن ہمیشہ کی طرح پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ مہارت کی وجہ سے اسے پاکستانی سمدری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔‘
پریس ریلیز کے مطابق ’سکیورٹی کی صورتحال اور پاکستان نیوی کی مشقوں کے بعد انڈیا کی طرف سے اس طرح کی کارروائی کی توقع کی جا رہی تھی کہ وہ جاسوسی کرے گا تاکہ معلومات حاصل کی جا سکیں۔‘
مزید کہا گیا ہے کہ ’گذشتہ پانچ برس میں پاکستان نیوی نے ایسی چار آبدوزوں کا سراغ لگایا ہے جو نیوی کے پاکستانی سمندری حدود کی حفاظت کے لیے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
ہم نے کل انڈیا کو آخری بار وارننگ دی ہے: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہناہے کہ ’انڈیا نے پاکستان کے گہرے پانیوں میں پانچویں مرتبہ مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے۔‘

شیخ رشید احمد کے مطابق ’انڈیا نے پاکستان کے گہرے پانیوں میں پانچویں مرتبہ مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)

جمعرات کو ایک بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’ایک سال پہلے بھی ہم نے ان کی آبدوز کو پکڑا تھا لیکن مارا نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم ایک پُرامن ملک ہیں، ہم نے انہیں مارا نہیں تنبیہہ کی تاکہ وہ واپس چلی جائے۔ کل بھی ہم نے ان کو متنبہ کیا کہ ’انف از انف۔‘
’ہم نے کل انڈیا کو آخری بار وارننگ دی ہے کہ اب ہمارے پانیوں میں آئے تو ہم سے گلہ نہ کرنا۔‘

شیئر: