Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور اردن میں تجارتی معاہدے پر دستخط

دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب مکہ مکرمہ اور اردن کے شہر عمان کے تاجروں نے ایک دو طرفہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کی مالیت ایک بلین ڈالر سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اورعمانی ہم منصب کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر اتفاق کیا گیا جس میں دونوں شہروں کے درمیان دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔
اس معاہدے پر اردن کےصنعتی وفد کے مکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران دستخط کیے گئے جس کی سربراہی اردن کے وزیر صنعت، تجارت اور فراہمی یوسف محمود الشمالی اورعمان چیمبر آف انڈسٹری کے چیئرمین فتحی الجغبیر نے کی۔
یوسف محمود الشمالی نے کہا کہ ’سعودی عرب اور اردن کے تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے' اردن کے لیے سعودی سرمایہ کاری سب سے اہم ہے۔‘
عمان چیمبر آف انڈسٹری کے چیئرمین فتحی الجغبیر نے نشاندہی کی کہ یہ معاہدہ کافی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ مشترکہ مفادات کے باوجود سعودی عرب اور اردن کے درمیان تجارتی تبادلے اب بھی ’توقع سے کم‘ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ سعودی عرب اردن کے لیے دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔‘
الجغبیر نے ان معاہدوں اور شراکت داریوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس میں ایگزیکٹو دفاتر اور رابطہ افسران کے قیام پر بھی زور دیا۔
اجلاس کے موقع پر منعقدہ نمائش میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 44 اردنی کمپنیوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر اردن کے وزیر صنعت، تجارت  یوسف محمود الشمالی اور سعودی وزیر تجارت و سرمایہ کاری ماجد بن عبداللہ القصبی نے دوطرفہ تجارت کو مضبوط بنانےکے لیے تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے مشترکہ تجارتی کمیٹی کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا جس میں دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔

شیئر: