Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے کون سے علاقے بدھ کو گردوغبار کے طوفان کی زد میں ہوں گے؟

گرد وغبار کے ساتھ  شدید سردی کی لہر بھی آئے گی( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ ’مملکت کے شمالی علاقوں میں گردو غبار کے طوفان کا امکان ہے جو پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔ اس کے ساتھ  شدید سردی کی لہر بھی آئے گی۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے کہا کہ ’آئندہ بدھ کو مملکت کے مختلف علاقے ریت کے طوفان کی زد میں ہوں گے۔ تبوک، الجوف، حدود شمالیہ اور حائل میں گردو غبار کا طوفان آئے گا۔ اس کے اثرات مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، قصیم، الشرقیہ اور ریاض ریجنوں تک پھیل جائیں گے۔‘ 
قومی مرکز کے ماتحت موسمیات کے ماہر خالد الزعاق نے بتایا کہ ’گردوغبار کا طوفان دو قسم کا ہوگا۔ ایک تو اچانک اٹھے گا اور دوسرا قدرے کمزور ہوگا۔‘
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ’گردو غبار کا طوفان پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔ بدھ کو حدود شمالیہ، طریف، عرعر، رفحا، الجوف اور حائل سے گردو غبار کے طوفان کی شروعات ہوگی۔‘
القصیم اور الشرقیہ تک اس کا سلسلہ پھیل جائے گا۔ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے متعدد مقامات بھی اس کی زد میں ہوں گے۔ 
خالد الزعاق نے کہا کہ ’گردو غبار کا طوفان شرورہ اور نجران کے  جنوبی علاقوں کو بھی اپنے گھیرے میں لے گا۔‘ 
دوسری جانب طقس العرب نے توقع ظاہر کی ہے کہ ’شمالی سعودی عرب میں بدھ  9 مارچ کو شدید سردی کی لہر آئے گی۔ اس کے ساتھ مملکت کے شمالی علاقوں میں موسم غیرمستحکم ہوجائے گا، تیز ہوائیں چلیں گی۔ مملکت کے متعدد علاقے متاثر ہوں گے۔‘

شیئر: