Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین میں کورونا کیسز میں اضافہ، 90 لاکھ کی آبادی والا شہر لاک ڈاؤن میں

جمعے کو چین میں کورونا کے 397 کیسز رپورٹ ہوئے (فوٹو اے پی)
چین نے اومی کرون کے باعث کورونا کیسز میں اضافے کے بعد 90 لاکھ کی آبادی کے شمالی مشرقی شہر چنگ چن کو لاک ڈاؤن کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق لوگوں کو گھروں میں رہنے کا کہا گیا ہے۔ ضرورت کی اشیا لینے کے لیے گھر کا ایک فرد دو دن کے بعد باہر جا سکتا ہے۔ تمام شہریوں کو وقفوں سے تین مرتبہ ٹیسٹ کروانا ہوگا۔
اس کے علاوہ غیر ضروری کاروباری مراکز بند رہیں گے اور مختلف روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
جمعے کو چین میں کورونا کے 397 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 98 جیلین صوبے میں سامنے آئے۔ گذشتہ ہفتے سے اب تک اس صوبے میں 11 سو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
چنگ چن شہر میں جمعے کو صرف دو کیسز سامنے اور حالیہ دنوں میں اب تک کُل 78 کیسز رپورٹ  ہو چکے ہیں۔ حکومت کئی مرتبہ کہہ چکی ہے کہ کسی کمیونٹی میں ایک یا دو کیسز رپورٹ ہوئے تو لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔
جیلین کے قریب ایک شہر میں 93 کیسز سامنے آئے۔ حکام پہلے ہی آدھے شہر کو لاک ڈاؤن کرنے کا حکم دے چکے ہیں اور سفر کے کئی روٹس بھی بند کر چکے ہیں۔
جیلین ایگریکلچر سائنس یونیورسٹی میں کلسٹر کیسز سامنے آنے کے بعد انتظامیہ کے کئی عہدیداروں کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے، جبکہ طلبہ نے سوشل میڈیا پر شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن کے ٹیسٹ مثبت آئے انہیں لائبریری اور دیگر عمارتوں میں بند کیا جا رہا ہے۔
اس یونیورسٹی نے 74 کیسز رپورٹ کیے اور چھ ہزار سے زائد طلبہ کو قرنطینہ کیا۔

شیئر: