Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 489 رنز کی برتری

ڈیوڈ وارنر حسن علی کی گیند پر سات رنز بنا کر فواد عالم کو گلی میں کیچ تھما بیٹھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں تیسرے دن کے اختتام پر آسٹریلیا کو 489 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
پاکستان کی پوری ٹیم کے 148 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا نے فالو آن کے بجائے دوسری اننگز کا آغاز کیا اور کھیل کے اختتام تک 17 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنائے۔
عثمان خواجہ 35 اور مارنس لبوشین 37 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو جارح مزاح بلے باز ڈیوڈ وارنر حسن علی کی گیند پر سات رنز بنا کر فواد عالم کو گلی میں کیچ تھما بیٹھے۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز نو وکٹوں کے نقصان پر 556 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ اس کے جواب میں پاکستان کی جانب سے آغاز زیادہ بہتر ثابت نہ ہو سکا، کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔
یکے بعد دیگرے آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں عبداللہ شفیق نے 13، امام الحق 20، اظہر علی 14،  فواد عالم 0، محمد رضوان 6، فہیم اشرف 4 اور ساجد خان نے پانچ سکور بنائے۔
آسٹریلیا نے پیر کو دوسری اننگز 505 رنز سے شروع کی تھی جبکہ اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ تھے۔
پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اننگز کی دوسری ہی گیند پر مچل سٹارک کو آؤٹ کر دیا۔ مچل سٹارک گزشتہ دن بنائے گئے اپنے 28 رنز میں کوئی اضافہ کیے بغیر اظہر علی ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 505 رنز بنائے تھے۔
ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کی آٹھویں وکٹ بابر اعظم نے حاصل کی۔
آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے ساتویں کھلاڑی کیمرون گرین تھے جو نعمان علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ انہوں نے 28 رنز سکور کیے۔
اس سے قبل عثمان خواجہ پاکستانی سپنر ساجد خان کی ایک گھومتی ہوئی گیند پر بولڈ ہوئے۔ انہوں نے 160 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ ٹریوس ہیڈ کی گری جو 23  رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اس سے قبل نیتھن لیان کو فہیم اشرف نے کلین بولڈ کیا تھا۔
آسٹریلیا نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز 251 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔
سنیچر کو آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں اوپنر ڈیوڈ وارنر 36 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے تھے۔
مارنس لبوشین آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جو کھاتہ کھولے بغیر ساجد خان کی تھرو پر رن آؤٹ ہوئے تھے۔
سٹیو سمتھ نے اوپنر عثمان خواجہ کے ساتھ طویل شراکت قائم کی اور 72 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تھے۔ ان کا کیچ سلپ میں فہیم اشرف نے لیا تھا۔

شیئر: