Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں گرمی کی لہر برقرار، کیا شدت میں کمی آئے گی؟

محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کے اچانک بدلنے کی وجہ سے ہوا کے دباؤ میں اضافہ ہے (فوٹو: میٹ آفس)
ملک بھر میں گرمی کی اچانک آمد اور تیسرے روز میں داخل ہو جانے پر جہاں کچھ لوگ حیران ہیں وہیں کچھ کا کہنا ہے کہ جاتے جاتے موسم سرما ایک بار پھر لوٹ کے آئے گا۔
ماضی کے برعکس موسم کے یک دم گرم ہو جانے کی وجہ کیا ہے اور کیا جاتے جاتے سردی ایک بار پھر لوٹے گی؟
ان سوالات کا جواب جاننے کے لیے اردو نیوز نے محکمہ موسمیات کے اسلام آباد آفس سے رابطہ کیا تو میٹرولوجسٹ محمد ایاز نے بتایا کہ اس بار خشک موسم کی وجہ سے گرمی وقت سے پہلے آ گئی ہے۔
گرمی کی لہر کے دورانیے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں یہ مہینے کے آخر تک چلے گی تاہم 18، 19 مارچ کو ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد کے موسم سے متعلق انہوں نے بتایا کہ تقریباً دو روز تک گرمی کا یہ سلسلہ چلے گا اور 19 مارچ کو بارش ہو سکتی ہے جبکہ جمعے کی شام کو آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔
وسطی و جنوبی پنجاب کے موسم کے حوالے سے محمد ایاز کا کہنا تھا کہ زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ ہو گا۔
منگل کو محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر فور کاسٹ ظہیر الدین بابر نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ موسم میں اچانک تبدیلی کی وجہ سے ہوا کے دباؤ میں اضافہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے منگل کو ایڈوائزری بھی جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں ہفتہ بھر درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ’شمالی بلوچستان، بالائی سندھ، جنوبی پنجاب، کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں دن کا درجہ حرارت 09 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ یعنی معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، زیریں سندھ اور جنوبی بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ 07 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔‘  
محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ گرمی کی حالیہ لہر انسانوں، جانوروں اور فصلوں پر اثر انداز ہو سکتی ہے اور فصلوں کو پانی کی کمی کا خدشہ ہو سکتا ہے۔ اس لیے کسان موسمی حالات کے پیش نظر فصلوں کے لیے پانی کا متبادل انتظام کر لیں۔
محکمے کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’سندھ اور جنوبی پنجاب میں گندم کی قبل از وقت کٹائی کا آغاز بھی ہو سکتا ہے۔‘
ایڈوائزری کے مطابق غیر معمولی درجہ حرارت کے باعث اسلام آباد اور لاہور میں پولن کی مقدار میں اضافہ متوقع ہے۔ لوگ دھوپ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ 

شیئر: