Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن کمیشن کا وزیراعظم کو نوٹس اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج، سماعت آج

 وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزرا نے11 مارچ کو خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں منعقدہ عوامی جلسے سے خطاب کیا تھا(فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے عوامی جلسوں میں خطاب کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹسز کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔
حکمراں جماعت تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر اسد عمر نے جمعرات کو اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’دیر جلسے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹسز کے خلاف ہائی کورٹ میں پٹیشن فائل کر دی ہے۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’صدارتی آرڈیننس کے اجراء کے بعد عوامی عہدے رکھنے والے عوامی سطح پر مہم چلانے کے اہل ہیں۔ الیکشن کمیشن کسی بھی مروجہ قانون کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔‘
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست پر اسد عمر اور وزیراعظم عمران خان کے دستخط ہیں۔
واضح رہے گزشتہ ہفتے 11 مارچ کو الیکشن کمیشن نے لوئر دیر کے علاقے تیمرگرہ کے جلسے میں شرکت اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کردیا تھا۔
وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر اور مراد سعید کے علاوہ وزیر اعلیٰ محمود خان اور صوبائی وزرا کو بھی نوٹس جاری کیا گیا۔
نوٹس میں وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزرا سے کہا گیا تھا کہ وہ خود یا بذریعہ وکیل پیش ہوکر اپنا موقف بیان کریں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزرا نے11 مارچ کو خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں منعقدہ عوامی جلسے سے خطاب کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے عوامی عہدے رکھنے والوں کو جلسوں میں شرکت سے منع کر رکھا ہے۔

شیئر: