Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین کی جنگ میں ہمارے 1300 سے زائد فوجی ہلاک ہو چکے ہیں: روس

روس کی فوج کے اعلیٰ حکام نے کہا ہے کہ ’یوکرین کی جنگ میں ان کے ایک ہزار 351 فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روسی اعلیٰ عسکری حکام نے میڈیا کو بریفنگ میں جنگ کے دوران ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق معلومات دی ہیں۔
عسکری حکام نے بتایا کہ ’یوکرین میں ایک ہزار 351 روسی فوجی ہلاک اور تین ہزار 825 زخمی ہوئے ہیں۔‘
روسی وزارت دفاع کے اعلٰی عہدیدار میخائل میزنٹسیو نے کہا کہ ’چار لاکھ 19 ہزار 736 شہریوں کو مشرقی یوکرین کے شہروں ڈونیٹسک اور لوگانسک سمیت دیگر علاقوں سے نکالا گیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’یوکرین سے انخلا کرنے والوں میں 88 ہزار سے زائد بچے جبکہ نو ہزار غیر ملکی افراد شامل ہیں۔‘
میخائل میزنٹسیو کا کہنا تھا کہ ’انسانی ہمدردی کی بنیاد پر روس انخلا کرنے والوں کو ہمیشہ راستے فراہم کرتا رہے گا۔‘
روسی جنرل سٹاف کے اعلٰی نمائندے سرگئی روڈسکو نے کہا کہ ’مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیئف کو ہتھیاروں کی فراہمی ایک بڑی غلطی تھی، اس سے آپریشن کو طول ملا ہے، متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا اور یہ آپریشن کے نتائج پر اثرانداز نہیں ہو سکے گا۔‘
’ہتھیاروں کی سپلائی کا اصل مقصد یوکرین کو مدد فراہم کرنا نہیں ہے بلکہ اسے طویل جنگی تنازعے کی جانب دھکیلنا ہے۔‘
سرگئی روڈسکو نے کہا کہ ’نیٹو تنظیم کے چند رکن ممالک فضائی حدود بند کرنے کا کہہ رہے ہیں، روس کی فوج اس کی مناسبت سے اپنا ردعمل دے گی۔‘
انہوں نے یوکرین میں جاری جنگ کے حوالے سے کہا کہ ’پورے ملک پر روس کا آپریشن جاری ہے۔‘
سرگئی روڈسکو نے دعویٰ کیا کہ ’اس جنگ کے دوران یوکرین کے 14 ہزار فوجی ہلاک جبکہ 16 ہزاز زخمی ہوچکے ہیں۔‘

شیئر: