Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپلائز اور سینٹرل مارکیٹوں میں متعدد پیشوں کی سعودائزیشن کا دوسرا مرحلہ پیر سے

کم از کم 500 مربع میٹر پر قائم سینٹرل مارکیٹوں کی سعودائزیشن شامل ہے( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں پیر 28 مارچ سے سپلائز اور سینٹرل مارکیٹوں میں متعدد پیشوں کی سعودائزیشن کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد شروع ہوگا۔
اس کے تحت کم از کم 500 مربع میٹر پر قائم سینٹرل مارکیٹوں کی سعودائزیشن شامل ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے سیکشن انچارج کے تمام شعبے سعودی شہریوں کےلیے مختص کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے پرعملدرآمد پیر سے ہورہا ہے۔ یہ سعودی سینٹرل مارکیٹوں اور کیٹرنگ کی سعودائزیشن کا دوسرا مرحلہ ہے۔
اس مرحلے میں سیکشن مینجر، معاون برانچ منیجر اور برانچ منیجر کے پیشوں پر کام کرنے والوں کی 50 فیصد سعودائزیشن ہو گی۔   
سعودائزیشن کے دوسرے مرحلے میں کم از کم 500 مربع میٹر کے رقبے میں قائم سینٹرل مارکیٹوں اور کم از کم تین سو مربع میٹر والی کیٹرنگ کمپنیوں میں سعودی تعینات ہوں گے۔  
 سینٹرل مارکیٹوں اور کیٹرنگ کمپنیوں کے پیشوں کی سعودائزیشن کےپہلے مرحلے میں اکاونٹنٹ، کاونٹر انچارج اور کیئر سروس نیز امانت خانوں کی تمام اسامیاں سعودیوں کےلیے مختص کی گئی تھیں۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود مملکت کے مختلف علاقوں میں سعودیوں کےلیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور لیبر مارکیٹ میں ان کی شرکت بڑھانے کےلیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ سینٹرل مارکیٹوں اور کیٹرنگ کمپنیوں میں سعودائزیشن کا فیصلہ اسی پالیسی کا حصہ ہے۔ 
یاد رہے کہ سعودی وزیرافرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی نے کہا تھا کہ ’لیبر مارکیٹ میں سعودی ملازمین کی تعداد 19 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے‘۔
2022 میں مزید 30 شعبوں کی سعودائزیشن ہوگی۔ 2021 کے دوران دو لاکھ اسامیاں پیدا کرنے کے لیے 32 پیشوں کی سعودائزیشن کی گئی ہے‘۔
 

شیئر: