Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسکر 2022: پہلے تھپڑ مارا پھر ایوارڈ جیت کر میدان مارا

ول سمتھ نے ٹینس بائیوپک ’کنگ رچرڈ‘ میں وینس اور سرینا ولیمز کے والد رچرڈ کا کردار نبھایا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی اداکار ول سمتھ نے ٹینس بائیوپک ’کنگ رچرڈ‘ جبکہ جیسیکا چیسٹین نے ’دی آئیز آف ٹیمی فائے‘میں بہترین اداکاری پر آسکر ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پیر کو لاس اینجلس میں معقدہ تقریب میں ول سمتھ نے ٹینس بائیوپک ’کنگ رچرڈ‘ میں وینس اور سرینا ولیمز کے والد رچرڈ کا کردار نبھانے کے لیے بہترین اداکار کا آسکر جیت لیا ہے۔
سمتھ نے کہا کہ ’رچرڈ ولیمز اپنے خاندان کے ایک زبردست محافظ تھے۔ فن زندگی کا آئینہ ہوتا ہے۔ میں پاگل باپ کی طرح دکھتا ہوں جیسا کہ انہوں نے کہا، جیسا کہ وہ رچرڈ ولیمز کے بارے میں کہتے ہیں۔ لیکن محبت آپ کو پاگل پن پر مجبور کر دیتی ہے۔‘
آسکر اپنے نام کرنے سے کچھ ہی دیر پہلے سمتھ نے گالا میں سٹیج پر جا کر میزبان کرس راک کو تھپڑ رسید کیا تھا جنہوں نے اداکار کی اہلیہ جاڈا پنکیٹ سمتھ کا مذاق اڑایا تھا۔
سمتھ نے اپنی تقریر کے اختتام میں کہا کہ ’میں امید کر رہا ہوں کہ اکیڈمی مجھے واپس بلائے گی۔‘
سمتھ نے جیویر بارڈیم (’بیئنگ دی ریکارڈوس‘)، بینیڈکٹ کمبر بیچ (’دی پاور آف دی ڈاگ‘)، اینڈریو گارفیلڈ (’ٹک، ٹک...بوم!‘) اور ڈینزیل واشنگٹن (’دا ٹریجڈی آف میکبیتھ) کو شکست دی ہے۔

ول سمتھ نے گالا میں سٹیج پر جا کر میزبان راک کو تھپڑ رسید کیا تھا جنہوں نے اداکار کی اہلیہ جاڈا پنکیٹ سمتھ کا مذاق اڑایا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

جیسیکا چیسٹین نے بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ اپنے نام کیا ہے، انہیں یہ انعام ’دی آئیز آف ٹیمی فائے‘ میں ایک امریکی ٹیلی ویژنلسٹ کا کردار نبھانے پر دیا گیا ہے۔
فلم کی کہانی ٹیمی فائی کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جس نے 1980 کی دہائی میں بدنام ہونے سے پہلے اپنے شوہر جم بیکر کی ایک منافع بخش میڈیا سلطنت بنانے میں مدد کی۔
انہوں نے بیکر کو طلاق دے دی اور ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی کے لیے ایک ممتاز اور ہمدرد چیمپئن بن گئیں۔

جیسیکا چیسٹین کو’دی آئیز آف ٹیمی فائے‘ میں ایک امریکی ٹیلی ویژنلسٹ کا کردار نبھانے پرایوارڈ دیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

ایوارڈ وصول کرنے کے بعد چیسٹین نے کہا کہ ’ایسے موقع پر میں ٹیمی کے بارے میں سوچتی ہوں۔ میں ان کی شفقت سے متاثر ہوں اور میں اسے ایک رہنما اصول کے طور پر دیکھتی جو ہمیں آگے لے جاتا ہے۔‘
سماعت سے محروم خاندان کی کہانی پر مبنی’کوڈا‘نے بہترین فلم کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔ لیڈی گاگا اور لیزا منیلی نے فلم کو ایوارڈ پیش کیا جس کی کہانی نوعمر روبی کے گرد گھومتی ہے جو سن سکتی ہے۔

شیئر: