امریکی ماڈل کِم کارڈیشین وکالت کے امتحان میں فیل، اسے پاس کرنا کتنا مشکل ہے؟
امریکی ماڈل کِم کارڈیشین وکالت کے امتحان میں فیل، اسے پاس کرنا کتنا مشکل ہے؟
اتوار 9 نومبر 2025 16:59
کِم کارڈیشین نے چھ سال قبل لائسنس یافتہ وکیل بننے کی خواہش ظاہر کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ماڈل کِم کارڈیشین کو سنیچر کو مایوس کن خبر ملی جب انہیں معلوم ہوا کہ وہ کیلیفورنیا بار امتحان میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔
انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’تو میں ابھی وکیل نہیں بنی، بس ٹی وی پر ایک بہت خوش لباس وکیل کا کردار ادا کرتی ہوں۔ چھ سال سے اس قانونی سفر میں ہوں اور جب تک بار پاس نہ کر لوں ہار نہیں مانوں گی۔ کوئی شارٹ کٹ نہیں، بس مزید مطالعہ اور مزید عزم چاہیے۔‘
کِم کارڈیشین بار امتحان کیوں دے رہی ہیں؟
ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ شخصیت کے لیے قانون میں کیریئر کا انتخاب غیر معمولی لگ سکتا ہے، لیکن کِم کارڈیشین نے چھ سال قبل لائسنس یافتہ وکیل بننے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
45 سالہ کِم نے اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ وہ کس قسم کی وکیل بننا چاہتی ہیں۔ انہوں نے 24 اکتوبر کو دی گراہم نارٹن شو میں کہا کہ ’شاید دس سال بعد، میں ایک ٹرائل وکیل بن جاؤں گی۔ یہی میری اصل خواہش ہے۔‘
کِم، رابرٹ کارڈیشین کی بیٹی ہیں، جو ایک امریکی وکیل تھے اور او جے سمپسن کے 1995 کے قتل مقدمے میں ان کے دوست اور دفاعی وکیل کے طور پر قومی سطح پر مشہور ہوئے۔
کِم کارڈیشین کی قانون کی تعلیم
کِم نے 2019 میں اعلان کیا تھا کہ وہ کیلیفورنیا میں روایتی لا سکول کے بجائے اپرنٹس شپ کے ذریعے قانون کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ کیلیفورنیا (اور چند دیگر امریکی ریاستوں) میں ایک راستہ ہے جسے ’ریڈنگ دی لا‘ یا کسی پریکٹس کرنے والے وکیل کے تحت اپرنٹس شپ کہا جاتا ہے، جس کے ذریعے بغیر لا کالج جائے بار امتحان دینے کی اجازت ملتی ہے۔
کِم نے 2018 میں سان فرانسسکو کی ایک لاء فرم کے ساتھ چار سالہ اپرنٹس شپ شروع کی اور امتحان دینے کی تین بار کوشش کی۔
کیلیفورنیا بار امتحان کو امریکہ کا سب سے مشکل بار امتحان سمجھا جاتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انہوں نے 2021 میں چوتھی کوشش میں بیبی بار کامیابی سے پاس کیا۔ بیبی بار، جسے فرسٹ ایئر لا سٹوڈنٹس ایگزامینیشن بھی کہا جاتا ہے، پاس کرنے کے بعد انہیں جولائی میں کیلیفورنیا سٹیٹ بار امتحان دینے کی اجازت ملی، جس کے نتائج سنیچر کو جاری کیے گئے۔
بار امتحان کتنا مشکل ہے؟
کیلیفورنیا بار امتحان کو امریکہ کا سب سے مشکل بار امتحان سمجھا جاتا ہے۔ ان لیگل ویب سائٹ کے مطابق یہ امتحان اپنے سخت مواد اور نسبتاً کم کامیابی کی شرح کے لیے جانا جاتا ہے۔
اگرچہ کیلیفورنیا نے پاسنگ سکور 1440 سے کم کر کے 1390 کر دیا ہے، لیکن یہ اب بھی کئی دیگر ریاستوں کے 1350 کے معیار سے زیادہ ہے۔