Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی جانب سے یمن میں عارضی جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم

یمن کے اندراور سعودی یمنی سرحد پر عسکری کارروائی روک دی جائے گی(فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی وزارت خارجہ نے یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہانس گرونڈ برگ کی جانب سے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے جس میں یمن میں دو ماہ کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔ 
جنگ بندی کے دوران میں یمن کے اندراور سعودی یمنی سرحد پر ہرطرح کی عسکری کارروائی روک دی جائے گی۔
ایس پی اے کے  مطابق سعودی وزارت خارجہ نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا کہ’ یمنی حکومت اور یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد کی جانب سے جنگ بندی تسیلم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم اور سپورٹ کرتے ہیں‘۔ 
 بیان میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی کوششوں کی ستائش کی گئی جو یمنی بحران کے خاتمے اور جامع سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے سعودی انیشیٹو کے تناظر میں ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے مارچ 2021 میں یمن میں امن کے لیے جامع اقدامات کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گرونڈبرگ نے کہا تھا کہ’ یمنی فریقوں نے دو ماہ کی جنگ بندی پر مثبت رد عمل دیا ہے۔ جنگ بندی کا آغاز سنیچر سے ہو گا‘۔
العربیہ کے مطابق اقوام متحدہ کے خصوصی کا کہنا ہے کہ’ یمنی فریق الحدیدہ بندرگاہ میں تیل بردار بحری جہازوں کے داخلے، صنعا ایئر پورٹ سے مقررہ مقامات کے لیے تجارتی پروازوں، تعز اور دیگر صوبوں میں راستے کھولنے پر آمادہ ہیں‘۔
یہ جنگ بندی ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب یمنی فریق ریاض میں خلیج تعاون کونسل کے زیرسرپرستی مشاورتی اجلاس میں شریک ہیں۔

شیئر: