Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہم نے نگران وزیراعظم کے لیے دو نام بھجوا دیے ہیں: فواد چوہدری

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر عمران خان نے احتجاج کی کال دی تو اپوزیشن کو بھاگنے کا رستہ نہیں ملے گا (فوٹو: اے پی پی)
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’ہم نے نگران وزیراعظم کے لیے دو نام بھجوا دیے ہیں، اپوزیشن لیڈر نے نام نہ بھجوائے تو سات دن میں ہمارے پہلے نام کو منتخب کر لیا جائے گا۔‘
پیر کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ’اپوزیشن راہِ فرار اختیار کر رہی ہے لیکن یہ ممکن نہیں کیونکہ 90 روز میں الیکشن ہوں گے۔‘
انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے اپوزیشن رہنماؤں کا نوحہ سنا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو آئین کی بات کرتے شرم آنی چاہیے۔‘ 
تحریک انصاف کے رہنما کے بقول ’پاکستان کے لوگ اس وقت الیکشن کے لیے تیار ہیں، آپ الیکشن اور عوام سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟‘
وزیراعظم عمران خان کو موصول ہونے والے مبینہ ’دھمکی آمیز‘ خط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’ہم نے اپوزیشن کے کہنے پر پارلیمنٹ کی سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس بلایا لیکن وہ نہیں آئے۔ بیک ڈور بریفنگ کا بھی کہا جو انہوں نے نہیں لی۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ ’اب بھی وقت ہے ان معاملات پر پبلک گفتگو نہ کریں یہ آپ کے حق میں ہے، ہم کسی کو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے نہیں آئے ہیں۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’ملک کا مفاد مقدم ہے اس لیے خط کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے نہیں رکھ سکتے۔‘
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن احتجاج کی بات کر رہی ہے لیکن اگر عمران خان نے احتجاج کی کال دی تو آپ لوگوں کو بھاگنے کا رستہ نہیں ملے گا۔

شیئر: