Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیت لحم میں رمضان، مسلمان اور مسیحی خدمت میں پیش پیش

سکاؤٹس گروپ روزہ داروں میں کھجوریں،  پانی اور افطار کا سامان تقسیم کرتے ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر
فلسطین میں بسنے والے مسیحی افراد مسلمانوں کے مقدس مہینے کے احترام میں کئے جانے والے بیشتر اقدامات میں  مسلمانوں کے شانہ بشانہ ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق مغربی کنارے کے علاوہ  بیت لحم، رام اللہ اور نابلس میں باہمی طور پر انجام دی جانیوالی خدمات میں زیادہ تر روزہ سے متعلق امدادی کام ہیں جن میں افطار کے وقت کھجوروں اور پانی کی تقسیم  ہے۔
علاوہ ازیں بہت سے افراد گلیوں اور بازاروں کی رمضان کے حوالے سے خصوصی سجاوٹ میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔
خلیل کاوا ایک 41 سالہ عیسائی فلسطینی ہے جو  نابلس میں ایک  چوراہے  پر  راہگیروں کو  افطار کے لیے کھجور اور پینے کا پانی دے رہا ہے، نابلس ایک ایسا شہر ہے  جہاں مسلمان اور عیسائی ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہتے ہیں۔
اس موقع پر خلیل کا کہنا ہے کہ  مجھے نہیں لگتا کہ مسلمان روزہ  داروں میں کھجور اور پانی تقسیم کر کے  عیسائی ہونے کے ناطے کوئی عجیب کام کر رہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ  میں کسی مسلمان، عیسائی یا  دیگر مذہب  میں  کوئی فرق  نہیں کرتا ، یہاں  ہم سب فلسطینی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے چند نوجوانوں کے ساتھ مل کر فوٹوگرافروں کا ایک گروپ بنا رکھا ہے جس کی بنیاد 2013 میں نابلس شہر میں رکھی گئی  اور اسے نابلس ٹور کا نام دیا گیا ہے۔

فلسطینی  اور  خاص طور پر بیت المقدس سے تعلق  پر فخر ہے۔ فوٹو عرب نیوز

ہم سب نابلس شہر میں گھومتے  اور مختلف مقامات پر لوگوں کی تصاویر کھینچتے ہیں۔ مسلمانوں کے کسی بھی تہوار پر مٹھائیاں تقسیم کرتے ہیں اور رمضان کے بابرکت مہینے اور عید کے موقع پر شہر کو سجاتے ہیں۔
اس کے علاوہ ہم  یہاں پر موجود روزہ داروں میں کھجوریں   اور پانی بھی  مقت تقسیم کرنے کا بندوبست کرتے  ہیں۔
خلیل کا کہنا ہے کہ کسی کی خدمت کرنا  ایک بہت  ہی خوبصورت احساس ہے جسے بیان نہیں کیا جا سکتا، خاص طور پر رمضان سے قبل ہی لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ کیا آپ اس سال خدمت کے لیے تیار ہیں  اور اس کے لیے کس کس چیز کی ضرورت ہے۔

شہری رمضان کے مہینے اور عید کے موقع پر شہر کو سجاتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

خلیل کاوا نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ہم سب دوستوں نے مل کر فنڈ اکٹھا کیا اور اس خدمت کا آغاز کردیا جیسے ہی ہمارا گروپ مشہور ہوا تو اب کئی دیگر افراد بھی مزید فنڈز اور دیگر اشیا کی سپلائی کے ساتھ  شراکت دار بن گئے ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ رام اللہ شہر میں   بسنے والے نوجوانوں کے ایک گروپ نے 'معاف کرو اور محبت کے مہینے میں مصافحہ کرو' کے عنوان سے رمضان آگاہی مہم شروع کی ہے جس کا مقصد یہاں پر رہنے والوں کے لیے مثبت پیغامات پھیلانا ہے۔

'معاف کرو اور محبت کے مہینے میں مصافحہ کرو' کے عنوان سے رمضان آگاہی مہم ۔ فوٹو ٹوئٹر

اسی طرح مغربی کنارے کے جنوب میں واقع مسیحی اکثریتی شہر بیت لحم میں بھی سکاؤٹس اور گائیڈز کے گروپ روزہ داروں میں کھجوریں،  پانی اور افطار کا دیگر سامان تقسیم کر رہے ہیں۔
یہاں موجود سکاؤٹس گروپ میں شامل فواد سلمان نے بتایا ہے کہ بیت المقدس میں رہنے والے مسلمان اور عیسائی، نسل در نسل محبت اور بقائے باہمی کے وارث ہیں اور محبت کا  یہ پیغام  جاری رہنا چاہیے۔
37 سالہ فواد سلمان نے مزید کہا کہ  میں فلسطینی  اور  خاص طور پر بیت المقدس سے تعلق رکھنے پر فخر محسوس کرتا ہوں، میں بچپن سے ہی رضاکارانہ کاموں میں حصہ لے رہا ہوں جس میں خاص طور پر ماہ رمضان کے آغاز میں مساجد میں  نئے قالین بچھانے کا کام بھی شامل ہے۔

شیئر: