Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانوی رکن پارلیمان عمران احمد خان جنسی حملے کے مجرم قرار

قانون کے مطابق کسی بھی رکن پارلیمان کو اگر ایک سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے تو وہ نااہل ہو جاتا ہے۔ فائل فوٹو
برطانیہ میں ایک عدالت نے رکن پارلیمان کو 15 برس کے لڑکے پر جنسی حملے کا مجرم کا قرار دیا ہے۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق 48 سالہ رکن پارلیمان عمران احمد خان کو ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ نے سنہ 2008 میں کیے گئے جنسی حملے کا مجرم قرار دیا۔
ویسٹ یارکشائر کے علاقے ویکفیلڈ سے رکن پارلیمان پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک پارٹی کے بعد کم عمر لڑکے کو شراب پلائی اور پھر اپنے کمرے میں گھیسٹ کر لے گئے۔
عدالت کا فیصلہ آنے کے چند گھنٹے بعد ہی کنزرویٹیو پارٹی نے اپنے رکن عمران احمد خان کو جماعت سے نکال دیا۔
مقدمے کے آغاز پر ہی کنزرویٹیو پارٹی نے اُن کی پارٹی رکنیت معطل کر دی تھی اور وہ ایک آزاد رکن کے طور پر پارلیمان میں موجود تھے اور اب وہ فیصلے کے خلاف اپیل تک اپنے عہدے پر رہ سکیں گے۔
قانون کے مطابق کسی بھی رکن پارلیمان کو اگر ایک سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے تو وہ نااہل ہو جاتا ہے۔
اگر کسی رکن پارلیمان کی سزا سال سے کم ہو تو اس کے علاقے کے 10 فیصد ووٹرز کی جانب سے پٹیشن پر دستخط کے ذریعے اسے نااہل کیا جا سکتا ہے۔ 
عدالتی فیصلے پر عمل تمام اپیلوں پر اعلیٰ عدالت سے حتمی فیصلہ آنے کے بعد کیا جاتا ہے اور اس پورے عمل پر طویل عرصہ لگتا ہے۔
سزا کاٹنے کے بعد کوئی بھی شخص دوبارہ امیدوار بن سکتا ہے۔

شیئر: