Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں پر فیصلہ قواعد و ضوابط کے مطابق دوں گا: راجہ پرویز اشرف

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں پر رولنگ دے دی ہے۔
سنیچر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ استعفوں کا معاملہ ان کے سامنے لایا گیا ہے اور گزشتہ رولنگز اور قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے استعفوں پر فیصلہ سنائیں گے۔
اس سے قبل اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے بطور سپیکر قومی اسمبلی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ 
علاوہ ازیں قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے اپنا استعفیٰ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دیا تھا۔
استعفے میں قاسم سوری نے کہا کہ ان کا ’یہ فیصلہ پارٹی کے نظریے، اس کی شاندار میراث، جمہوریت کے ساتھ وابستگی اور پاکستان کی خودمختاری پر ہرگز سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘
واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی۔
استعفے کے متن کے مطابق قاسم سوری نے کہا کہ ’گزشتہ چند روز کے واقعات نے ثابت کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کڑیاں ایک غیرملک کی جانب سے ہونے والی کوششوں کے ساتھ ملتی ہیں جو مقامی ’میر جعفروں‘ کی حمایت اور مدد سے ایک منتخب وزیراعظم کو نکالنے میں کامیاب ہوا۔‘
اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد نے 8 اپریل کو ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی۔ تحریک عدم اعتماد میں کہا گیا تھا کہ ڈپٹی سپیکر نے پارلیمانی طور طریقوں، جمہوری روایات اور آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔
9 اپریل کو سابق سپیکر اسد قیصر کے مستعفی ہونے کے بعد قاسم سوری نے قائم مقام سپیکر کے فرائض نبھائے تھے۔ انہوں نے بطور قائم مقام سپیکر پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے خود منظور کر کے الیکشن کمیشن بھجوانے کا کہا تھا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ قائم مقام سپیکر نے تحریک انصاف کے 123 ارکان کے استعفے منظور کر لیے ہیں اور ان کی نشستیں خالی قرار دینے کے لیے گزٹ نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کو بھیج دیا گیا ہے۔ 

شیئر: