Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے زیر انتطام کشمیر کے نئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کون ہیں؟

بیرسٹر سلطان محمود کے بعد سردار تنویر الیاس نے کشمیر میں تحریک انصاف کا صدر کا عہدہ سنبھالا (فائل فوٹو:فیس بک/تنویر الیاس)
سردار تنویر الیاس خان پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے 14ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔
پیر کو کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں ہونے والے انتخاب کے موقع پر اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان تحریک انصاف پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگاتے ہوئے ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا جس کی وجہ سے تنویر الیاس کے مقابلے میں کوئی بھی امیدوار سامنے نہیں آیا اور وہ بلامقابلہ وزیراعظم منتخب ہوگئے۔
سردار تنویر الیاس خان کو تحریک انصاف کی جانب سے وزارت عظمٰی کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
خیال رہے پچھلے ہفتے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے عہدے سے استعفٰی دے دیا تھا۔
انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ’میں جموری آدمی ہوں، عمران خان کا ساتھی ہوں۔ انہوں نے جنگ لڑی، میں بھی ایسی جنگ لڑ رہا تھا۔ میں نے اپنا جمہوری فیصلہ کیا اور باوقار طریقے سے استعفٰی دیا۔‘

سردار عبدالقیوم نیازی اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد وزارت عظمٰی سے مستعفی ہو گئے تھے (فوٹو: اردو نیوز)

سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد کشمیر کی اسمبلی میں سردارعبدالقیوم نیازی کے خلاف ان کی اپنی ہی جماعت اور کابینہ کے ارکان نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔
جس کے بعد سردار عبدالقیوم نیازی کا کہنا تھا کہ ’مجھے پتا چلا کہ راتوں رات پیسہ تقسیم ہوا ہے۔ میں نے پارٹی امیدوار کو دستبردار کروایا اور سردار تنویر الیاس کے آدمی کو آگے کیا۔‘
انہوں نے دعوٰی کیا کہ ’ایک وزیر نے بتایا کہ اسے 20 لاکھ ملے ہیں۔ جن کے راستے میں نے روکے انہوں نے پلاننگ کی، جو 25 نہیں چھ سات لوگ تھے۔‘

نئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کون ہیں؟

سردار تنویر الیاس انتخابی سیاست میں بالکل نووارد ہیں۔ 2021 میں انہوں نے عملی سیاست میں قدم رکھا اور ایل اے 15 باغ ون سے کامیاب ہوئے۔  
کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم کے لیے وسائل کی فراہمی اور معاشی میدان میں تجربے کے باعث ان کو کشمیر کی وزارت عظمٰی کا اہم امیدوار سمجھا جا رہا تھا۔
سردار تنویر الیاس کا شمار پاکستان کے بڑے سرمایہ داروں میں ہوتا ہے۔ ان کا تعلق کشمیر کے ضلع راولاکوٹ سے ہے۔ ان کا تمام کاروبار ریاست سے باہر ہے۔ 
تنویر الیاس سردار گروپ آف کمپنیز کے صدر ہیں۔ اسلام آباد میں ایک بڑے کاروباری مرکز دی سینٹورس اور ایک رہائشی سوسائٹی کے مالک بھی ہیں۔ 
اسی طرح ٹائل مینوفیکچرنگ، آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر سمیت مختلف شعبہ جات میں اس گروپ کی 13 کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔ یہ گروپ میڈیا انڈسٹری میں بھی قدم رکھ چکا ہے۔

سردار تنویر الیاس کا شمار پاکستان کے بڑے سرمایہ داروں میں ہوتا ہے (فوٹو: فیس بک ، تنویر الیاس)

سردار میڈیا گروپ نے چار ٹی وی چینلز کے لائسنس حاصل کر رکھے ہیں جو گذشتہ سال 64 کروڑ روپے کی بولی کے ذریعے خریدے گئے تھے۔ ان میں نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز، انٹرٹینمنٹ، ریجنل لینگویجز اور سپورٹس شامل ہیں، جبکہ سردار میڈیا گروپ کے پاس ایف ایم ریڈیو کے چار لائسنس بھی موجود ہیں۔ اسی طرح ایشیئن نیوز کے نام سے اخبار بھی اس گروپ کے پاس ہے جس کو ملک کے پانچ بڑے شہروں سے شائع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ 
2018 میں انہیں پنجاب کی عبوری کابینہ میں نگران صوبائی وزیر کا قلمدان سونپا گیا تھا جبکہ وہ پچھلے دور حکومت میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے معاون خصوصی برائے تجارت و سرمایہ کاری بھی رہے۔ اسی طرح پنجاب میں سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

شیئر: