Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا کے امیر ترین آدمی ایلون مسک کا اپنا ذاتی مکان نہیں

ایلون مسک امریکہ اور دنیا کے امیر ترین آدمی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا کے امیر ترین آدمی ایلون مسک نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کے پاس رہنے کے لیے اپنا ذاتی مکان نہیں۔
امریکی چینل سی بی ایس کے مطابق ٹیڈ پروگرام کے میزبان کرس اینڈرسن کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ ان کا اپنا مکان نہیں اور وہ دوستوں کے گھروں میں قیام کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرے پاس کوئی مکان نہیں۔ میں دوستوں کے گھروں میں رہ رہا ہوں۔‘
اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ ’میں عالیشان گھر کا مالک نہیں جس کی آپ توقع کرتے ہیں۔‘
فوربز کے مطابق سات بچوں کے والد ایلون مسک 270 ارب دس کروڑ ڈالر اثاثوں کے مالک ہیں۔ وہ امریکہ اور دنیا کے امیر ترین آدمی ہیں۔
ایلون مسک کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ بہت مشکل ہوگا کہ اگر میں سالانہ اربوں ڈالرز اپنے ذاتی استعمال پر خرچ کروں۔‘ لیکن انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کا ایک نجی طیارہ ہے جس کو وہ کام کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس کوئی ذاتی کشتی نہیں اور نہ ہی وہ کام سے رخصت لیتے ہیں۔
ایلون مسک کے دو بچوں کی ماں گرمز نے ایک انٹرویو کے دوران تسلیم کیا تھا کہ وہ 40 ہزار ڈالرز کے ایک گھر میں مقیم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایلون مسک ارب پتیوں کی طرح نہیں رہتے۔
گرمز نے کہا تھا کہ ’ایک دفعہ ایسا ہوا تھا کہ ایلون مسک کے پاس ایک گدا تھا جس میں سوراخ تھا اور وہ نیا خریدنا نہیں چاہتے تھے۔‘
ایلون مسک نے 2020 میں کہا تھا کہ وہ اپنی تمام چیزیں فروخت کریں گے اور ان کے پاس ذاتی مکان نہیں ہوگا۔
گزشتہ ہفتے ایلون مسک نے ٹوئٹر کے 100 فیصد شیئرز خریدنے کی پیش کش کردی تھی۔

شیئر: