Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان نے جنرل فیض حمید کو آرمی چیف بنانے کا کبھی نہیں سوچا: فواد چودھری

سابق وزیراطلاعات نے کہا کہ ’ہم نے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات بہتر بنانے کی بہت کوشش کی‘ (فائل فوٹو: وزارت اطلاعات)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ’سابق وزیراعظم عمران خان نے کبھی جنرل فیض حمید کو آرمی چیف بنانے کا نہیں سوچا۔‘
ایکسپریس نیوز کے پروگرام میں فواد چودھری سے پوچھا گیا کہ کیا یہ حقیقت ہے کہ سابق حکومت جنرل فیض حمید کو اگلا آرمی چیف بنا رہی تھی؟
اس پر فواد چودھری نے جواب دیا کہ ’ایسی کوئی بات نہیں تھی اور نہ ہی وزیراعظم نے ایسا کچھ سوچا تھا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’عمران خان اتنی لمبی پلاننگ نہیں کرتے۔‘
ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے ہوتے تو آج ہم حکومت میں ہوتے۔‘
سابق وزیراطلاعات نے کہا کہ ’ہم نے اسیٹبلشمنٹ سے تعلقات بہتر بنانے کی بہت کوشش کی۔‘
آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے رانا ثنا اللہ سے بات کی تھی کہ ہمیں آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی فارمولا طے کرنا چاہیے۔‘
انہوں نے عدلیہ کی مثال دی اور کہا کہ عدلیہ میں سب سے سینیئر جج کو چیف جسٹس تعینات کیا جاتا ہے۔ ’اس طرح کا کوئی فارمولا بنایا جاسکتا ہے۔‘

شیئر: