Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اس سال پاکستان اور دیگر ملکوں کے لیے حج کوٹہ کتنا ہے؟

سب سے کم عازمین انگولا سے آئیں گے ان کی کل تعداد 23 ہوگی(فائل فوٹو اے ایف پی) 
سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سال تمام ممالک کے لیے حج کوٹے کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ اس سال پاکستان سے 81 ہزار 132 عازمین پر آئیں گے۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق باخبر ذرائع نے بتایا کہ’ وزارت حج و عمرہ نے اس سال ہر ملک سے آنے والے عازمین حج کی تعداد اور تناسب مقررکیا ہے‘۔
بیرون مملکت اس سال  ساڑھے 8 لاکھ عازمین حج پر آئیں گے جو کل تعداد کا 85 فیصد ہیں۔ اس سال اندرون و بیرون مملکت سے عازمین کی تعداد  10 لاکھ مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ’ گزشتہ برسوں کے دوران جس ملک کے  لیے جتنا حج کوٹہ مقرر تھا اس کا 45.2 فیصد حصہ اس سال کے لیے مختص کیا گیا ہے‘۔ 
’اس اصول کے مطابق سب سے زیادہ عازمین حج انڈونیشیا سے ایک لاکھ 51 ہزار آئیں گے۔ انڈونیشیا کے بعد سب سے زیادہ عازمین پاکستان سے آئیں گے‘۔
سب سے کم عازمین انگولا سے آئیں گے ان کی کل تعداد 23 ہوگی۔ 
عرب ممالک میں سب سے زیادہ حج پر آنے والے مصر سے ہوں گے ان کی تعداد 35 ہزار 375 ہوگی۔
یاد رہے کہ سعودی حکام کے مطابق رواں برس 10 لاکھ مقامی اور غیرملکی عازمین کو حج کی اجازت ہوگی۔
 کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے گذشتہ دو برسوں میں حج کے موقع پر عازمین کی تعداد بہت کم تھی۔
 سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس سال 65 سال سے کم عمر افراد حج کر سکیں گے۔ تمام عازمین کو مملکت روانگی سے 72 گھنٹے قبل کورونا کا نیگٹیو پی سی آر ٹیسٹ ہونا پیش کرنا ہوگا۔ 
عازمین کے پاس سعودی وزارت صحت سے منظور شدہ ویکسین سرٹیفکیٹ ہونا چاہیے۔ 
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس 58 ہزار 745 افراد نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔
کورونا کی وبا سے قبل اکثر حجاج کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر جاتی تھی۔

شیئر: