Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر کی ماحولیاتی تبدیلیوں پر سائنسی معلومات سے متصادم اشتہارات پر پابندی

مغربی ممالک نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پیرس میں معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے کہا ہے کہ وہ اس قسم کے اشتہارات اپنے پلیٹ فارم پر نشر کرنے کی اجازت نہیں دے گا جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق سائنسدانوں کی مستند معلومات کو مسترد کرتے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ٹوئٹر نے حال ہی میں ایک پالیسی بیان جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ اشتہارات کو ماحولیاتی بحران پر گفتگو کی اہمیت کو کم کرنے کا کردار نہیں ادا کرنا چاہیے۔
تاہم بیان میں یہ واضح نہیں کہ کیا صارفین کی پوسٹس بھی اس نئی پالیسی سے متاثر ہوں گی۔
ٹوئٹر اور فیس بک ایسے گروپس کی تنقید کا نشانہ بن چکے ہیں جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے غلط معلومات پھیلانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
ٹوئٹر نے یہ اعلان ارتھ ڈے کے موقع پر کیا ہے جبکہ اسی سے چند گھنٹے قبل یورپی یونین نے ایک معاہدے کی منظوری دی تھی جس کے تحت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ وہ نفرت انگیز اور نقصان دہ مواد کے علاوہ غلط معلومات اپنی ویب سائٹس پر نشر نہیں ہونے دیں گے۔
ٹوئٹر نے کہا ہے کہ وہ اپنی نئی پالیسی سے متعلق آئندہ چند مہینوں میں مزید معلومات فراہم کرے گا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلیوں پر ہونے والی گفتگو پر کس طرح سے قابل اعتماد سیاق و سباق فراہم کر سکتا ہے۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر نے اپنی ویب سائٹ پر ماحولیات کے موضوع سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک حصہ وقف کیا ہوا ہے تاکہ غلط معلومات کا سدباب کیا جا سکے۔

شیئر: