Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر ایلون مسک کی پیشکش کا دوبارہ جائزہ لینے پر ’مجبور‘

ایلون مسک نے ٹوئٹر کے شیئرہولنڈرز سے براہ راست ملاقتیں کیں (فوٹو: اے ایف پی)
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر نے ارب پتی امریکی ایلون مسک کی اس پیشکش کا دوبارہ جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، جس میں انہوں نے پلیٹ فارم خریدنے کے لیے بھاری رقم کی آفر کی تھی اور اس کو مسترد کر دیا گیا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے وال سٹریٹ جرنل کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ سودے کے حوالے سے اتوار کو دونوں جانب سے بات چیت بھی ہوئی ہے۔
یہ پیش رفت ارب پتی ایلون مسک کے اس بیان کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ رقم کا انتظام کر لیا گیا ہے۔
بزنس ڈیلی نے بھی ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ ’ٹوئٹر پیشکش پر پھر سے غور کر رہا ہے اور اس پر مذاکرات کا بھی امکان ہے۔‘
 ٹیسلا کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایلون مسک نے جمعرات کوکہا تھا کہ انہوں نے ٹرانزیکشن کے لیے ساڑھے 46 ارب ڈالر حاصل کر لیے ہیں مگر سوشل میڈیا پلیٹ کو حاصل کرنے کے لیے ان کا منصوبہ یہ ہے کہ وہ براہ راست کمپنی کے شیئرہولڈرز کی توجہ حاصل کریں۔
ٹوئٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹر نے ایلون مسک کی پیشکش کو ’زہر کی گولی‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت کی تھی جس سے ایلون مسک کے لیے مارکیٹ کے ذریعے 15 فیصد سے زیادہ حصہ حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا وہ فی الوقت نو اعشاریہ دو فیصد حصص کے مالک ہیں۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ’ٹوئٹر کی جانب سے طرزعمل میں تبدیلی جمعے کو ایلون مسک کی کمپنی کے شیئرہولڈرز سے نجی ملاقاتوں کے بعد آئی ہے۔‘
اخبار نے ذرائع کے حوالے سے یہ بھی بتایا ہے کہ ایلون مسک نے آزادی اظہار رائے کے مسائل کو حل کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے، چاہے ان کی بولی کامیاب ہو یا نہ ہو۔

ٹوئٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایلون مسک کی پیشکش کو ’زہر کی گولی‘ قرار دیتے ہوئے مخالفت کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

 
ایلون مسک نے اس سے قبل پلیٹ فارم کی خریداری کے لیے ماحول سازگار بنانے کے لیے آزادی اظہار پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کو ماہرین نے ان کے پچھلے بیانات اور مقاصد سے متصادم قرار دیا تھا۔
 ذرائع نے وال سٹریٹ جرنل کو بتایا کہ ’ایلون مسک نے شیئر ہولڈرز کے ساتھ ویڈیو کالز کی سیریز اور رقم کا بندوبست کرنے پر توجہ مبذول کر کے سودے کے لیے راہ ہموار کی ہے اور انہیں امید ہے کہ شیئرہولڈرز کمپنی کے فیصلے پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔  
ارب پتی بزنس مین ایلون مسک نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ وہ شیئرہولڈرز کے ساتھ براہ راست حصص خرید کر ٹوئٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو نظرانداز کرنے پر غور کر رہے ہیں، لیکن ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ ایسا کب کرنا ہے۔‘

شیئر: