Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کے باہر ’علامتی احتجاج‘

پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی ہدایت پر ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر منگل کو احتجاج ریکارڈ کروایا۔ تحریک انصاف کی قیادت نے کارکنان کو احتجاج کی کال الیکشن کمیشن کی مبینہ جانبداری کے خلاف دی تھی۔  
تحریک انصاف کی قیادت نے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کیا ہے کہ کمیشن جانبدار اور تحریک انصاف کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھے ہوئے ہے۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ’الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس بھیجنے کے باوجود کارروائی نہیں کی جبکہ فارن فنڈنگ کیس میں بھی الیکشن کمیشن تحریک انصاف کو نشانہ بنا رہی ہے۔‘  
اس سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاج ریکارڈ کیا گیا تاہم الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر درجن بھر کارکنان ہی احتجاج کے لیے موجود تھے۔  
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر سینیٹر شبلی فراز اور شیخ رشید سمیت دیگر سینیئر رہنماوں نے بھی شرکت کی جبکہ تحریک انصاف کی ریلی کو انتظامیہ نے ریڈ زون میں داخلے سے روک دیا تھا۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون جانے والے راستوں کو بعض مقامات سے مکمل جبکہ چند مقامات کو جزوی طور پر رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا تھا تاہم اسلام آباد کے جی سکس سیکٹر سے نادرا چوک تک نکلنے والی ریلی میں بھی کارکنان کی بڑی تعداد نہیں دیکھی گئی۔  
الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کی قیادت کرنے والے تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز سے جب اس حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’راستوں میں رکاوٹوں کی وجہ سے کارکنان نہیں پہنچ پائے اور یہ ایک علامتی احتجاج تھا۔ ہمیں عوامی اجتماع اکٹھا کرنا آتا ہے اور ماضی قریب میں یہ ہم ثابت کر چکے ہیں۔‘  
تحریک انصاف کے احتجاج کے موقع پر شاہراہ دستور پر کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن اور فائر برگیڈ کی گاڑیاں موجود تھیں۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری الیکشن کمیشن کے باہر سیکیورٹی پر تعینات کی گئی جبکہ الیکشن کمیشن کے مرکزی دروازے کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا تھا۔  
کارکنان نے پارٹی پرچم کے ساتھ پاکستان کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے جبکہ مختلف پلے کارڈز پر نعرے درج کیے گئے تھے۔  
لاہور میں اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنوں نے صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا اور ’الیکشن کمیشن نامنظور‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔  

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر سینیٹر شبلی فراز اور شیخ رشید سمیت دیگر سینیئر رہنماوں نے بھی شرکت کی۔ فوٹو: اے ایف پی

کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے جبکہ لاؤڈ سپیکرز پر پارٹی ترانے چلائے گئے۔ 
پشاور میں اردو نیوز کے نامہ نگار طارق اللہ نے بتایا الیکشن کمیشن کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں پی ٹی آئی کے ارکان صوبائی اسمبلی بھی شامل تھے۔ احتجاج کے باعث پشاور کی شامی روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ 
زین علی نے کراچی سے رپورٹ کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اور رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے دفتر سے پاسپورٹ آفس تک پیدل مارچ کیا اور مظاہرین نے چیف الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی۔ 
احتجاج کے شرکا میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، بلال غفار اور خرم شیرزمان بھی موجود تھے۔ 
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت میں تاخیر کے حوالے سے بعض حلقوں سے جو غیر ذمہ دارانہ بیان دیے جا رہے ہیں ان کی سختی سے تردید کی جاتی ہے۔

شیئر: