Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورہ یورپ: تیسرے ہاکی میچ میں بیلجیئم کی پاکستان کو شکست

بیلجیئم کی ٹیم نے پاکستان کے ایک گولے کے مقابلے میں پانچ گول کیے (فوٹو: پاکستان ہاکی فیڈریشن)
دورہ یورپ کے دوران تیسرے میچ میں بھی پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جمعے کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ بیلجیئم کی ٹیم پاکستان کو ایک کے مقابلے میں پانچ گولز سے شکست دی ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کی ٹیم میں سات نئے کھلاڑیوں کو کھلایا گیا تھا جبکہ بیلجیئم کی ٹیم پرانے سکواڈ پر ہی مشتمل تھی۔
خیال رہے 27 اپریل کو ہونے والے دوسرے میچ میں  نیدرلینڈز نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا تھا۔
میچ کے آغاز میں پاکستان کی جانب سے عبدالمنان نے شاٹ کارنر کی مدد سے گول کیا، جس کو نیدرلینڈز نے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل ہی گول کر کے برابر کردیا۔
بعد ازاں دوسرے ہاف کے تیسرے کوارٹر میں نیدرلینڈز نے ایک اور گول کر کے میچ میں ایک کے مقابلے میں دو گولز کی برتری حاصل کرلی، جبکہ چوتھے کوارٹر میں نیدرلینڈز کے کھلاڑیوں نے مزید دو گول کردیے اور یوں میچ کا مقررہ وقت ختم ہونے پر میچ ایک کے مقابلے میں چار گولز سے جیت لیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے 26 اپریل کو دورے کا آغاز اہم کامیابی سے کیا تھا اور پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں پانچ گولز سے شکست دی تھی۔
پاکستان کی جانب سے شروع میں ہی اعجاز نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، تاہم اس کے تھوڑی دیر بعد ہی نیدرلینڈز کے کھلاڑیوں نے دو گول کیے اور ایک گول کی برتری حاصل کی، تاہم تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے مزید چار گول کیے  اور یوں میچ تین کے مقابلے میں پانچ گول سے جیت لیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے رضوان نے ہیٹرک کرتے ہوئے تین گول کیے جبکہ اعجاز اور مبشر نے ایک ایک گول کیا تھا۔

شیئر: