Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد مارچ کے لیے مئی کے آخری ہفتے میں کال دیں گے، عمران خان

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی طرف مارچ کے لیے مئی کے آخری ہفتے میں کال دی جائے گی۔
سنیچر کو پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ہونے والے ویڈیو پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کور کمیٹی کے اجلاس میں اسلام آباد کے لیے کال پر تفصیل سے مشاورت کی گئی، کہ کال کب دینی ہے اور اس کی نوعیت کیا ہو گی۔
’فیصلہ یہ کیا گیا ہے کہ کال مئی کے آخری ہفتے میں دی جائے گی۔‘
’یہ کال صرف تحریک انصاف کے لیے نہیں ہو گی، بلکہ پورے پاکستان کے لیے ہو گی، کیونکہ ہمارے ملک کی توہین کی گئی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اور بیرونی سازش کے تحت کرپٹ ترین لوگوں کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے موجودہ وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہ اس کی کابینہ کے 60 فیصد لوگ ضمانت پر ہیں۔
ان کے مطابق ’جو پرائم منسٹر بنا ہے، اس کو کرائم منسٹر کہتے ہیں، ان پر 40 ارب کی کرپشن کے کیسز ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’تمام پاکستانیوں کو پیغام دے رہا ہوں کہ وہ تیاری کریں اور چاند رات سے ہماری تیاری کا آغاز ہو گا۔‘
’نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ آپ نے چاند رات کو جھنڈے پکڑ کر نکلنا ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’اس کا اگلا مرحلہ اسلام آباد مارچ ہو گا، یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مجمہ ہو گا اور عوام کا سمندر اسلام آباد میں آئے گا۔ پاکستان کا فیصلہ پاکستان کے عوام کریں گے۔‘

شیئر: