Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز گل کی گاڑی کو ٹکر مارنے والا گرفتار ’گلو بٹ جیسی مونچھیں ہیں‘

موٹروے پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کی گاڑی کو ٹکر مارنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
جمعے کو موٹروے پولیس نے جاری بیان میں کہا کہ ملزم وجاہت علی ولد لیاقت کو مریدکے سے گرفتار کیا گیا ہے اور گاڑی قبضے میں لے لی ہے۔
بیان کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش میں واقعے کو اتفاقی حادثہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ کسی کو نشانہ بنانا ہرگز مقصود نہیں تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں شہباز گل نے کہا کہ ان کی جان لینے کی کوشش کی گئی اور اگر انہیں کچھ ہوا تو ذمہ داروں کے نام لکھ کر دے دیے ہیں۔
لاٹھی کے سہارے عدالت میں پیشی 
قبل ازیں جب ڈاکٹر شہباز گل توہین مذہب کیس میں ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تو وہ لاٹھی کے سہارے چل رہے تھے۔
سماعت کے دوران شہباز گل نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ پتا نہیں اگلی سماعت پر میں آپ کے سامنے موجود بھی ہوں یا نہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہباز گل کی آج تک حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔
ان کی ضمانت میں نو مئی تک کی توسیع کر دی گئی ہے اور اگلی سماعت پر حاضری سے استثنٰی بھی دے دیا ہے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر آئین نہیں ہوگا اور اداروں کا احترام نہیں ہوگا تو افراتفری ہوگی۔‘

’جان جاتی ہے تو جائے، عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا‘

سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے گاڑی کو ٹکر مارنے والے شخص کی تصویر دیکھی ہے، جس کی مونچھیں گلو بٹ کی طرح ہی ہیں۔
شہباز گل نے حکومت کو ’سازشی‘ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کو پتہ ہے کہ عمران خان کے چند ساتھی بولنے والے ہیں، اگر ان کو ہٹا دیا گیا تو معاملہ ختم ہو جائے گا، مگر ایسا نہیں ہو گا۔
’عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، جان جاتی ہے تو جائے، ایک انچ پیچھے نہیں ہٹوں گا۔‘
شہباز گل کا کہنا تھا کہ گاڑی کو ٹکر مارنے کے منصوبہ سازوں کو بے نقاب کیا جائے۔
خیال رہے جمعرات کو لاہور سے اسلام آتے ہوئے موٹر وے پر شہباز گل کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا اور الٹ گئی تھی۔

شیئر: