Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوج کے خلاف بیان پر شہباز شریف کو کل جلسے میں جواب دوں گا، عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ہماری قوم بہت دلیر ہے مگر کرپٹ، بزدل اور غدار ہمارے اوپر بیٹھے ہیں۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر، پی ٹی آئی)
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’شہباز شریف کہتے ہیں کہ میں نے فوج کی توہین کی ہے۔ اس کا جواب کل جہلم کے جلسے میں دوں گا۔‘
پیر کو اسلام آباد میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’شہباز شریف کے بڑے بھائی نے ملک سے باہر جا کر فوج کو برا بھلا کہا، جبکہ ان کی بیٹی بھی ایسا ہی کرتی ہیں۔‘
’ہماری قوم بہت دلیر ہے مگر کرپٹ، بزدل اور غدار ہمارے اوپر بیٹھے ہیں۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’قوم میں اتنا جذبہ پہلے کبھی نہیں دیکھا، اللہ نے پوری قوم کو جگا دیا ہے۔ قوم سیلاب، زلزلے کے وقت بغیر لیڈرشپ کے کھڑی ہوئی۔‘
عمران خان نے ایک بار پھر سمندر پار پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہ ’وہ اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کام کر کے پیسے ملک میں بھجواتے ہیں اور یہاں کے کرپٹ حکمران اسی پیسے کو چوری کر کے دوسرے ممالک میں بھیج دیتے ہیں۔‘
انہوں نے فلیٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ لندن کے مہنگے ترین گھروں میں رہتے ہیں لیکن یہ نہیں بتاتے کہ پیسے کہاں سے آئے۔
عمران خان نے کہا کہ ’نواز شریف اتنے بزدل ہیں کہ انہوں آرمی کے خلاف باتیں اس وقت شروع کیں جب باہر چلے گئے۔‘
انہوں نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اصل میر جعفر اور میر صادق تم ہو۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’شہباز شریف نے ڈونلڈ لو کے ساتھ مل کر ہماری حکومت کے خلاف سازش کی۔‘
انہوں نے شریف خاندان پر جھوٹا ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس نے پہلے مشرف سے این آر لیا اور اب بھی لے رہے ہیں۔
عمران خان کے مطابق حکومت جانے کے بعد اس بات کا پتہ چل گیا ہے کہ مشکل وقت میں کون ساتھ کھڑا ہو گا۔
عمران خان نے مسجد نبوی میں حکومتی وفد کے خلاف نعرے بازی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں تو پتہ بھی نہیں، ہم تو شب دعا میں تھے، اس کے باوجود ہمارے اوپر مقدمے کیے گئے۔‘
انہوں نے شہباز شریف پر الزام لگایا کہ انہوں نے ’پولیس مقابلوں کے ذریعے قتل کروائے اور ایک قاتل کو وزیر داخلہ بنا دیا گیا۔‘

شیئر: