Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ مشرق وسطی میں خودکار بحری جہازوں کا استعمال ’بڑھائے گا‘

امریکی نیوی مشرق وسطیٰ میں 34 ممالک کے ساتھ شراکت داری کر رہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی بحریہ کے کمانڈر نے کہا ہے کہ امریکی نیوی مصنوعی ذہانت استعمال کرنے والے خودکار جہازوں کے ذریعے مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک میں اپنے سکیورٹی آپریشن میں اضافہ کر رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بحرین میں امریکی نیول فورسز سنٹرل کمانڈ کے نائب ایڈمرل بریڈ کوپر نے ایک بریفنگ کے دوران بتایا کہ امریکی بحریہ کا مقصد خطے میں علاقائی اتحادیوں کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط کرنا اور اختراعی عسکری نظام کے استعمال میں توسیع کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم دو بنیادی شعبوں میں کوششیں کر رہے ہیں۔ ایک تو شراکت داری کو مضبوط کرنا اور دوسرا جدت میں تیزی پیدا کرنا۔‘
ایڈمرل بریڈ کوپر کے مطابق امریکی نیوی خطے میں 34 ممالک کے ساتھ شراکت داری کر رہی ہے جن میں مصر بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی کثیر الملکی مشترکہ ٹاسک فورس 153 کے قیام کا مقصد بحیرہ احمر، باب المندب اور خلیج عدن میں سکیورٹی کو بہتر کرنا ہے۔ ٹاسک فورس کے ذریعے امریکہ اور اس کے شراکت داروں کے درمیان ان شعبوں میں بھی تعلقات بہتر ہوں گے جو علاقائی سکیورٹی کے لیے اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی نیوی خطے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ تعاون کو بڑھانا چاہتی ہے اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے بحری بیڑوں کی سکیورٹی کی صلاحیت کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے گزشتہ سال ستمبر میں ٹاسک فورس 59 کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔
ایڈمرل بریڈ کوپر نے بتایا کہ گزشتہ سال امریکی نیوی نے بحرین اور اردن میں خودکار نظام متعارف کرائے تھے جو انسانی مدد کے بغیر چلتے تھے۔

مشترکہ ٹاسک فورس 150 کی قیادت سعودی عرب کو سونپی گئی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

رواں سال فروری میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے مشرق وسطیٰ میں دنیا کی سب سے بڑی خودکار مشقیں ’آئی ایم ایکس 22‘ کا اہتمام کیا تھا جن میں  تقریباً ساٹھ ممالک نے حصہ لیا تھا۔
امریکی نیوی کی جانب سے بننے والی ٹاسک فورسز میں سعودی عرب کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ سعودی اور امریکی نیوی کے درمیان تعاون وسیع بنیادوں پر ہے۔
’گزشتہ کئی سالوں میں مشترکہ میری ٹائم فورسز کے تحت متعدد ٹاسک فورسز کی کمانڈ سعودی عرب سنبھال چکا ہے۔ بلکہ موسم سرما میں سعودی عرب مشترکہ ٹاسک فورس 150 کی قیادت کرے گا جس کے تحت شمالی بحریہ عرب اور خلیج عمان میں بحری سیکورٹی آپریشن کیے جاتے ہیں۔‘

شیئر: