Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیل کی سمگلنگ کا الزام، ایران نے غیرملکی جہاز قبضے میں لے لیا

ایرانی حکام نے حالیہ مہینوں میں کئی بحری جہازوں کو خلیج میں ایندھن کی سمگلنگ کے الزام میں حراست میں لیا ہے (فوٹو:اے ایف پی)
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی حکام نے ملک سے ایندھن سمگل کرنے کی کوشش کرنے والے ایک غیرملکی جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق بدھ کو ارنا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ غیرملکی جہاز کے عملے کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ایران جس کے یہاں بھاری سبسڈیز اور اپنی قومی کرنسی کی قدر میں گراوٹ کی وجہ سے ایندھن سب سے ستی قیمت پر دستیاب ہے، پڑوسی ممالک اور سمندری راستے سے خلیجی عرب ریاستوں کو ایندھن کی سمگلنگ کے مسئلے سے نبردآزما ہے۔
ایجنسی نے مزید بتایا ہے کہ جہاز جس میں 550,000 لیٹر سے زیادہ سمگل شدہ ایندھن تھا، خلیجی پانیوں میں قبضے میں لیا گیا۔
اس جہاز کو جنوبی صوبے ہرمزگان کی بندرگاہ پر لے جایا گیا جہاں اسے تحقیقات کے لیے عدالتی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
صوبائی سرحدی محافظوں کے سربراہ حسین دہکی کا کہنا ہے کہ ’ہم سمگل شدہ ایندھن لے جانے والے جہاز کی شناخت کرنے اور اسے حراست میں لینے میں کامیاب ہو گئے جس کا مقصد مارو جزیرے کے مشرق میں بڑے پیمانے پر سمگل شدہ ایندھن کی کھیپوں کو لے جانا تھا۔‘
ایرانی حکام نے حالیہ مہینوں میں کئی بحری جہازوں کو خلیج میں ایندھن کی سمگلنگ کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔

شیئر: