Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی سیاحت کے شعبے میں ہدف سے زیادہ کامیابی ملی: سعودی معاون وزیر سیاحت

2019 کے دوران ٹارگٹ سے 34 فیصد زیادہ کامیابی حاصل کی۔ (فوٹو العربیہ)
سعودی معاون وزیر سیاحت شہزادی ھیفا بنت محمد آل سعود نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں داخلی سیاحت کے شعبے نے 2019 کے دوران ہدف سے 34 فیصد زیادہ کامیابی حاصل کی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق شہزادی ھیفا بنت محمد نے ڈیوس اکنامک فورم میں شرکت کے موقع پر کہا کہ ’کورونا وبا کے بعد وژن 2030 کے حوالے سے اپنے اہداف میں کوئی ترمیم نہیں کی۔ تمام اعداد وشمار ظاہر کر رہے ہیں کہ سیاحت کی صورتحال بہتر ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اہداف پورے کر لیں گے‘۔ 
 شہزادی ھیفا نے کہا کہ ’مملکت نے سیاحت کے حوالے سے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ کورونا وبا کے دوران سیاحت کے شعبے میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار پر اظہار خیال کے لیے ڈیوس میں مدعو کیا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’پوری دنیا میں پرائیویٹ سیکٹر سیاحت کو لیڈ کر رہا تھا تاہم سیاحت کے شعبے پر وبا کے منفی اثرات سے پیدا ہونے والے بحران سے نمٹنا اس کے بس میں نہیں تھا۔ مملکت نے جی 20 کی قیادت کرتے ہوئے سیاحت کے شعبے پر بڑی توجہ دی اور وبا کے اثرات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔‘
شہزادی ھیفا نے کہا کہ ’سعودی عرب سیاحت کے عالمی نقشے پر اپنی پہچان بنانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ تین محاذوں پر کام ہو رہا ہے۔ چھوٹے اور درمیانے سائز کی کمپنیوں کو بھی بڑی کمپنیوں کے پہلو بہ پہلو سیاحتی منصوبے شروع کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔ ان کا حصہ 80 فیصد کے لگ بھگ ہے۔‘
سعودی معاون وزیر سیاحت کا کہنا تھا کہ ’سعودی نوجوانوں کو سیاحت کے بڑھتے ہوئے شعبے میں روزگار کے مواقع مہیا کیے جا رہے ہیں۔ سیاحت کے حوالے سے ہمارا پہلا ہدف مقامی سیاح ہیں۔ مقامی سیاحوں کی ضرورتیں پوری کی جا رہی ہیں۔ ہمیں مشکلات کا سامنا بھی ہے۔ یہ شعبہ نیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آئندہ چار برسوں کے دوران سعودی عرب میں سیاحوں کی رہائش کے لیے کمروں کی تعداد 62 ہزار سے زیادہ ہو جائے گی۔ مختلف قسم کی سیاحتی سرگرمیوں کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔‘
شہزادی ھیفا نے مزید کہا کہ ’حج اور عمرے کے علاوہ بحیرہ احمر اور تاریخی مقامات مثلا العلا اور رجال المع کے حوالے سے بھی سیاحتی پروگرام ترتیب دیے جا رہے ہیں۔‘

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: