کینز میں روایتی جوتوں پر ڈائریکٹر کو ریڈ کارپٹ پر آنے سے روک دیا گیا
یہ مکیشن کیلون ریڈورس کی بہن نے تیار کی تھی (فوٹو: گلوبل نیوز)
کینز فلم فیسٹیول میں کینیڈین فلم ڈائریکٹر کو روایتی جوتے پہننے کی وجہ سے ریڈ کارپٹ پر جانے سے روک دیا گیا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کیلون ریڈورس کینیڈا میں مقامی ’ڈینی‘ قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’میں نے اپنی ثقافت میں پرورش پائی اور مکیشن پہننا اس کا حصہ ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ریڈ کارپٹ پر جانے کے لیے کچھ ضوابط ہیں۔ لہٰذا میں نے سوچا کہ اگر میں ٹکسیڈو، بو ٹائی یا ایسے جوتے پہنوں جس سے میں پہچانا جاؤں تو قبول کرلیا جائے گا۔‘
کیلون ریڈورس نے کہا کہ ’کینیڈا میں بہت سی ثقافتوں میں مکیشن ایک روایتی اور حسب ضابطہ جوتے سمجھے جاتے ہیں۔‘
فلم ڈائریکٹر نے مقامی فلم سازوں کے وفد کے ساتھ فرانس کا سفر کیا۔ تاہم فیسٹیول کے سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں ریڈ کارپٹ پر نہیں جانے دیا۔ انہیں کہا گیا کہ وہ جوتے بدل کر دوبارہ آ سکتے ہیں۔
کینیڈا واپس آنے کے بعد انہوں نے کہا کہ ’اس طرح کی چیزیں لے کر چلنا تھوڑا مشکل ہوتا ہے۔ میں اس سے تھوڑا پریشان ہوا۔ میں مایوس تھا۔ مجھے غصہ تھا۔‘
یہ جوتے مکیشن کیلون ریڈورس کی بہن نے تیار کیے تھے اور وہ بہت پرجوش تھے کہ اسے کسی اہم موقعے پر پہنیں گے۔
’میں جب بھی اسے پہنتا ہوں تو خود کو اپنی فیملی اور قبیلے کے ساتھ جُڑا محسوس کرتا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے کچھ دیر بعد وہ فیسٹیول کی انتظامیہ کے ساتھ ملے اور انہوں نے اس پر معذرت کی۔ انہوں نے بعد میں وہ جوتے پہننے کی اجازت بھی دے دی۔
کیلون ریڈورس نے فیس بک پر کہا کہ اس واقعے سے لوگوں کو آگاہی ہو گی کہ ’مقامی ثقافت میں پہنے جانے والے جوتے ریڈ کارپٹ جیسے ایونٹس کے لیے قابل قبول ہیں۔‘