Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’طلاق ہونے والی ہے‘ ، فلم ٹاپ گن، سیونگ پرائیویٹ رائن سے بہتر؟

’سیونگ پرائیویٹ رائن‘ 1998 میں ریلیز ہوئی تھی (تصویر: ٹوئٹر/سیونگ پرائیویٹ رائن)
سنہ 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ’سیونگ پرائیویٹ رائن‘ 24 برس بعد آج ایک بار پھر ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں سے ایک ہے اور اس کی وجہ بنی صرف ایک ٹویٹ۔
چوبیس برس قبل پہلی بار سنیما گھروں کی زینت بننے والی اس فلم میں ٹام ہینکس اور میٹ ڈیمن نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
یہ فلم دوسری جنگ عظیم کے ارد گرد گھومتی ہے جس میں امریکی رینجرز کے ایک کپتان جان ایچ ملر (ٹام ہینکس) فرانس کے علاقے نارمنڈی میں جرمن فوجی آپریشن کے دوران ایک فوجی اہلکار پرائیوٹ فرسٹ کلاس جیمز فرانسس رائن (میٹ ڈیمن) کو ڈھونڈ رہے ہیں تاکہ انہیں واپس امریکہ بھیجا جاسکے۔
پرائیویٹ رائن کو گھر بھیجنے کے احکامات اس لیے جاری ہوئے ہیں کیونکہ ان کے تین بھائی پہلے ہی جنگ میں ہلاک ہوچکے ہیں اور امریکی حکومت چاہتی ہے کہ چوتھا بھائی واپس اپنے وطن جا کر اپنے خاندان کے ساتھ رہے۔
’سیونگ پرائیویٹ رائن‘ کا شمار جنگوں پر بننے والی مشہور ترین فلموں میں ہوتا ہے اور اسے 71 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں 11 ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا اور اس فلم کو اس سال پانچ اکیڈمی ایوارڈز ملے تھے۔ اس کے علاوہ نے گولڈن گلوب سمیت متعدد ایوارڈز اپنے نام کیے تھے۔
اب سوال یہ ہے کہ یہ فلم اب ٹوئٹر پر کیوں ٹرینڈ کررہی ہے اور اس کا موازنہ ٹام کروز کی فلم ’ٹاپ گن‘ سے کیوں کیا جارہا ہے؟
یہ بحث اتوار کو اس وقت چھڑی جب ٹوئٹر صارف راشل ونڈمین نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’میں نے کہا ٹاپ گن، سیونگ پرائیویٹ رائن سے بہتر ہے اور مجھے لگتا ہے مجھے اب طلاق ہونے والی ہے۔‘

اس ٹویٹ کے بعد جیسے فلموں میں دلچسپی رکھنے والوں کی طرف سے تبصروں کا تانتا بندھ گیا اور یہی وجہ ہے کہ سیونگ پرائیویٹ رائن اس وقت ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔
واضح رہے پہلی ’ٹاپ گن‘ فلم 1986 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم میں ٹام کروز نے ایک فائٹر پائلٹ کا کردار ادا کیا تھا۔
اس فلم نے اکیڈمی اور گولڈن گلوب سمیت متعدد ایوارڈز جیتے تھے۔
اس فلم کا سیکوئل ’ٹاپ گن: میورک‘ اسی سال ریلیز ہوئی ہے اور اس وقت دنیا پھر کے سینما گھروں میں دکھائی جارہی ہے۔
ان دونوں میں سے بہتر فلم کون سی ہے؟
’انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس‘ (آئی ایم ڈی بی) پر ’سیونگ پرائیوٹ رائن‘ کو فلموں میں دلچپسی رکھنے والے لاکھوں لوگوں نے 10 میں سے 8.6 ریٹنگ دی ہے۔
دوسری جانب 1986 میں ریلیز ہونے والی ’ٹاپ گن کی ریٹنگ 10 میں سے 6.9 ہے۔
’سیونگ پرائیویٹ رائن‘ کو صرف آئی ایم ڈی بی پر نہیں بلکہ ٹوئٹر پر بھی ’ٹاپ گن‘ پر برتری حاصل ہوتی نظر آرہی ہے۔
اس ٹوئٹر صارف نے راشل ونڈمین کی ٹویٹ کو قوٹ کرکے لکھا ’سیونگ پرائیویٹ رائن کے شروع کے 30 منٹ پوری ٹاپ گن سے بہتر ہیں۔‘

’چیز برگر‘ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے واشل کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’یہ دونوں ہی غیرمعمولی فلمیں ہیں لیکن آپ غلط ہیں۔‘
اس اکاؤنٹ نے لکھا ’صرف ایسی چار فلمیں ہیں جنہیں دیکھ کر آدمی روتا ہے: ’سیونگ پرائیویٹ رائن، گلیڈی ایٹر، ہیون کین ویٹ اور روڈی۔‘

جیک ہکس نامی صارف لکھتے ہیں ’سیونگ پرائیویٹ رائن اب تک کی سب سے بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔ ٹاپ گن 1986 کی بہترین فلموں میں بھی نہیں تھی۔‘

’ٹاپ گن‘ سیریز کی دوسری فلم ’ٹاپ گن: میورک‘ اپنی ریلیز کے بعد سے دو دنوں میں اب تک 100 ملین ڈالرز سے زیادہ پیسے کماچکی ہے اور خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ بزنس کے اعتبار سے ٹام کروز کی اب تک کی سب سے بڑی فلم ثابت ہوگی۔

شیئر: