Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خواتین کی ملازمت کے تربیتی پروگرام میں شرکت

تمھیر پروگرام میں خواتین کی تعداد 74 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ فنڈ (ہدف) کے ذریعے شروع کیے گئے آن دی جاب ٹریننگ پروگرام میں سعودی خواتین گریجویٹس کی تعداد ہم منصب مردوں سے زیادہ ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ نے کہا کہ ہدف کے تحت 2017 میں تمھیر پروگرام شروع ہونے کے بعد سے61 ہزار سے زیادہ مرد اور خواتین نے مختلف شعبوں میں ڈپلومہ، بیچلر یا ماسٹر ڈگریاں حاصل کی ہیں، ان میں خواتین کی تعداد 74 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
جاب ٹریننگ پروگرام میں حصہ لینے کے لیے سب سے زیادہ نمائندگی ریاض، مکہ مکرمہ اور مشرقی ریجن سے آنے والوں کی تھی۔
تمھیر پروگرام کا مقصد سعودی شہریوں کو ان کے شعبوں کے مطابق لیبرمارکیٹ میں اور کام کرنے کی مختلف جگہوں پرعملی تربیت کے لیے درکار  مہارت حاصل کرنے میں مدد کرنا ہے۔
سعودی شہریوں کے لیے یہ پروگرام ہر شعبے میں ان کی ملازمت میں اضافہ کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔
اس کےعلاوہ تربیت کا مرحلہ مکمل کرنے کے بعد نجی شعبے کو ہنرمند شہری فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔
واضح رہے کہ تمھیر پروگرام تکنیکی، انتظامی یا صحت سے متعلقہ اداروں اور کالجوں سے گریجویٹ یا  ڈپلومہ ہولڈرز کے لیے 2 ہزار ریال ماہانہ وظیفہ فراہم کرتا ہے جب کہ بیچلر ڈگری یا اس سے زیادہ تعلیم یافتہ افراد کے لیے تربیتی پروگراموں میں حصہ لینے پر تین ہزار ریال ماہانہ وظیفہ دیتا ہے۔

پروگرام ایسے افراد کے لیے ہے جو چھ ماہ سے بے روزگار ہوں۔ فوٹو ٹوئٹر

اس پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے تمام سٹوڈنٹس کو تربیتی عمل یا کسی بھی مشق کے دوران انشورنس کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
سعودی شہریوں کویہ پروگرام مختلف  شعبوں کے لحاظ سے تین سے چھ ماہ کی مدت میں مکمل کرائے جاتے ہیں۔
پروگرام کی کامیابی سے تکمیل پر تربیت یافتہ افراد کو اس شعبےکے حوالے سے تجربے کا سرٹیفکیٹ بھی دیا جاتا ہے۔
تمھیر پروگرام ایسے افراد کے لیے مہیا کیا گیا ہے جن کے پاس تعلیمی سرٹیفکیٹ موجود ہے اور اس کے باوجود وہ  کم ازکم چھ ماہ سے بے روزگار ہیں۔

ٹریننگ پروگرام میں زیادہ نمائندگی ریاض، مکہ مکرمہ اور مشرقی ریجن سے ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ فنڈ مملکت میں قائم مختلف اداروں اور کمپنیوں میں تربیتی پروگراموں میں داخلے اور سعودی گریجویٹس کو تربیت کے مواقع پیش کئے جانے پر ان کی حوصلہ افزائی بھی کرتا ہے۔
سعودائزیشن سکیم کا مقصد ملک میں بے روزگاری کی شرح کم کرنا اور شہریوں کو ان کی پوری صلاحیت کے مطابق متحرک کرنا ہے۔
تمھیر پروگرام سعودی نوجوانوں کو افرادی قوت کا حصہ بننے کے قابل بنا کر  ملکی معیشت اور معاشرے کی ترقی میں مدد کرتا ہے۔
 

شیئر: