Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور انڈیا کا سیلاب کی پیشگی اطلاع دینے پر اتفاق

پاکستان اور انڈیا نے سندھ طاس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان اور انڈیا نے دریاؤں میں سیلاب کی پیشگی اطلاع دینے اور سندھ طاس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
منگل کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور انڈیا کے درمیان آبی تنازع پر دہلی میں دو روزہ مذاکرات ہوئے۔
پاکستانی وفد کی قیادت کمشنر برائے انڈس واٹر سید محمد مہر علی شاہ جبکہ انڈین وفد کی سربراہی کمشنر برائے انڈس واٹر مسٹر اے کے پال نے کی۔
ان مذاکرات میں سیلاب کی پیشگی اطلاع دینے، دورہ اور معائنہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ 31 مارچ 2022 کو ختم ہونے والے سال کے لیے مستقل انڈس کمیشن کی رپورٹ پر دستخط بھی کیے گئے۔
بیان کے مطابق پاکستان نے مغربی دریاؤں پر انڈیا کے ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں پر اپنے اعتراضات سے آگاہ کیا اور پاکل دُل سمیت دیگر منصوبوں پر پر بھی جواب طلب کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق انڈیا نے آنے والے سیلاب کے بعد دوروں کا انتظام کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ دیگر اعتراضات پر آئندہ ملاقات میں بات کی جائے گی کیونکہ ابھی تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
فریقین نے سندھ طاس معاہدے کو اس کی حقیقی روح میں نافذ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ کمیشن کا اگلا اجلاس جلد از جلد پاکستان میں منعقد ہوگا۔

شیئر: