Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقی بولر پر برطانیہ میں حملہ، حالت تاحال تشویشناک

ان پر حملے کے الزام میں پولیس نے ایک 27 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ (فائل فوٹو: آئی سی سی)
جنوبی افریقی فاسٹ بولر مونڈلی خمالو برطانیہ کے شہر برسٹل میں ایک شراب خانے کے باہر ہونے والے حملے میں شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
’کرک انفو‘ کے مطابق ہفتے کو اس حملے میں خمالو کو سر پر شدید چوٹ لگی تھی جس کے باعث اب وہ کوما میں چلے گئے ہیں۔ اب تک ان کے دو آپریشن کیے جاچکے ہیں اور ان کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔
خمالو برطانیہ میں نارتھ پیتھرٹن کلب کے لیے کھیلتے ہیں اور ان پر ہفتے کی رات حملہ اس وقت ہوا جب وہ اپنی ٹیم کے ساتھ جیت کا جشن منارہے تھے۔
ان پر حملے کے الزام میں پولیس نے ایک 27 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
نارتھ پیتھرٹن کلب کے ایجنٹ روب ہمفیئرز نے ’کرک انفو‘ کو بتایا کہ کرکٹ کلب خمالو کے خاندان کے ساتھ رابطے میں ہے اور پاسپورٹ اور ویزہ کے حصول کے لیے ان کی والدہ کی مدد بھی کی جارہی ہے۔
ان کا خمالو کا بارے میں کہنا تھا کہ ’خمالو ایک اچھے آدمی ہیں اور ان کی والدہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ان کے ساتھ ایسا ہو کیسے سکتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’نارتھ پیتھرٹن میں ہر کوئی خمالو کو پسند کرتا ہے اور وہ ایک اچھے بچے ہیں۔‘
واضح رہے خمالو 2020 کے انڈر 19 ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کے لیے کھیل چکے ہیں اور چار فرسٹ کلاس میچ بھی کھیل چکے ہیں۔

شیئر: